پہاڑی علاقوں اور گلیات میں برفباری کا سلسلہ جاری
لاہور(کامرس رپورٹر)ملک کے پہاڑی علاقوں اور گلیات میں گزشتہ روز بھی برف باری کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے میدانی علاقوں میں سردی کی لہر مزید بڑھ گئی۔ رات کے وقت میدانی علاقوں میں پنکھوں کا استعمال بھی بند ہو گیا۔ گزشتہ روزملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا تاہم گلگت بلتستان ، کشمیر اور گلیات میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔ آج بروز ہفتہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہیگاتاہم پہاڑی علاقوں و گلیات میں مزید برف باری متوقع ہے۔ موسم میں تبدیلی کے باعث ملک میں بجلی کی ڈیمانڈ میں کمی واقع ہوگئی جس سے شارٹ فال میں بھی کمی ہوئی۔ شارٹ فال میں کمی کے باعث لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں کمی کر دی گئی شہروں میں رات کے وقت لوڈ شیڈنگ کاسلسلہ مکمل ہی بند کر دیا گیا ۔ دیہی علاقوں میں بھی لوڈ شیڈنگ کادورانیہ کم کرکے چھ سے آٹھ گھنٹے کر دیا گیا ہے ۔ شہروں میں صرف چار سے چھ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی گئی ۔ لیسکو سمیت دیگر ڈسکوز کے مطابق صرف لائن لاسسز والے علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے ۔ ملک میں موسم میں تبدیلی کے باعث گھریلو اور کمرشل صارفین کی جانب سے بجلی کی ڈیمانڈ میں کمی ہوئی ہے ۔ سردی کی لہر آ جانے کے باعث گھروں میں پنکھوں کا استعمال میں بند ہو گیا ہے اس طرح پرائیویٹ دفاتر میں بھی اے سی کا استعمال بند ہو گیا ہے ۔
موسم