استحصالی اور طبقاتی نظام کے خاتمے تک حکومت اپنا اعتماد بحال نہیں کر سکتی : سراج الحق

استحصالی اور طبقاتی نظام کے خاتمے تک حکومت اپنا اعتماد بحال نہیں کر سکتی : ...

  

لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستا ن سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ڈالر کی قیمت بڑھنے اور گیس و پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا سیلاب آرہاہے ۔مہنگائی اسی رفتار سے بڑھتی اور روپے کی قدر گھٹتی رہی تو اگلے چند ماہ میں مہنگائی دوگنی ہو جائے گی اور قرضوں کا حجم بھی ایک ہزار ارب سے بڑھ جائے گا ۔ محسوس ہوتا ہے کہ بین الاقوامی مافیا روپے کی قدر گھٹانے میں لگاہواہے تاکہ پاکستان کو معاشی میدان میں تباہ کردیا جائے ۔ حکومت کی سمجھ میں نہیں آرہا کہ وہ اس بحران کا کیسے مقابلہ کرے ۔حکومت اگر قوم کو ریلیف نہیں دے سکتی تو کم از کم رہی سہی قوت خرید کو تو ختم نہ کرے ۔ چولہوں کو بجھانا اور لوگوں سے دو وقت کی روٹی چھیننا تو کوئی معاشی پالیسی نہیں ۔ جب تک استحصالی اور طبقاتی نظام ختم نہیں ہوتا اور حکومت اپنا اعتماد بحال نہیں کرتی ، معیشت میں کوئی بہتری نہیں آئے گی ۔ لوگوں نے حکومت سے بڑی توقعات وابستہ کی تھیں لیکن حکومت کے فیصلے قوم میں مایوسی کا سبب بن رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایبٹ آباد میں جمعہ کے اجتماع اور بعد ازاں اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن اور ضلعی امیر عبدالرزاق عباسی بھی موجود تھے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ معیشت کی کشتی ڈوب رہی ہے حالانکہ ملک میں جمہوریت ہے ۔ حکمرانوں نے انتخابات سے قبل معیشت کو پٹڑی پر چڑھانے کے بلند وبانگ دعوے کیے تھے اور قوم کو خوشخبری سنائی تھی کہ وہ آئی ایم ایف کے پاس جانے سے موت کو ترجیح دیں گے ۔انہوں نے کہاکہ پوری قوم حکمرانوں کی طرف دیکھ رہی ہے اور عوام اس انتظار میں ہیں کہ انہیں کوئی ریلیف ملے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اگر آئی ایم ایف کے سامنے ہاتھ پھیلانے کی بجائے بنکوں سے قرضے لے کر ہڑپ کرنے اور قومی خزانہ لوٹ کر بیرونی بنکوں میں دولت جمع کرنے والوں کی گردنوں پر ہاتھ ڈالے تو معیشت میں بہتری لائی جاسکتی ہے اورمہنگائی کو کنٹرول کیا جاسکتاہے ۔

سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -