پنجاب میں لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم اراضی سینٹرز بڑھانے کی منظوری

پنجاب میں لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم اراضی سینٹرز بڑھانے کی منظوری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے صوبہ بھر میں لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم اراضی سینٹرز کی تعداد بڑھانے کی منظوری دے دی،وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت میں اعلی سطح کے اجلاس میں لینڈ ریکارڈمینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے تحت اراضی سینٹرز کی تعداد میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے صوبے میں اراضی سینٹرز کی تعداد میں اضافے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ مرحلہ وار پروگرام کے تحت اراضی سینٹرز کے دائرہ کار کو قانونگوئی تک بڑھایا جائے گا۔پہلے مرحلے میں قانونگوئی کی سطح پر 102نئے اراضی سینٹرزقائم کیے جائیں گے ۔ 20موبائل وین خرید کرانہیں موبائل اراضی سینٹرزمیں تبدیل کرنے کابھی فیصلہ کیاگیاہے۔صوبائی وزراء ملک محمد انور،ہاشم جواں بخت ،چےئرمین منصوبہ بندی وترقیات،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،سیکرٹری خزانہ ،کمشنر لاہورڈویژن اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔دریں اثناء سردار عثمان بزدار سے مشاورتی کونسل برائے گورننس کے کنوینر سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر سلمان شاہ کی قیادت میں کونسل کے اراکین نے ملاقات کی ۔ملاقات میں صوبے میں گورننس کے ماڈل کوبہتر بنانے ، عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتوں کی فراہمی،روز گار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور مختلف شعبوں خصوصاً تعلیم، صحت ، زراعت، لائیوسٹاک میں اصلاحات کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت عوام کو ریلیف اور سہولتوں کی بہتر فراہمی چاہتی ہے اورآپ سب اپنے اپنے شعبوں کے ماہر ہیں۔سابق سیکرٹری سلمان صدیق، وائس چانسلر لمزڈاکٹر ارشد علی، صنعتکارگوہر اعجاز، صنعتکار فواد مختار، ماہر تعلیم ایم اے رؤف، سابق سیکرٹری جاوید اقبال اعوان، سابق سیکرٹری تیمور عظمت عثمان، صنعتکار احمد کمال،صوبائی وزراء ،وزیراعلیٰ کے سیکرٹری، سیکرٹری کوآرڈینیشن اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سردار عثمان بزدار سے آل پنجاب آڈٹ سٹاف ایسوسی ایشن محکمہ زکوٰۃکے وفد نے ملاقات کی اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ وفدکے عہدیداران نے وزیراعلیٰ پنجاب کو بتایا کہ محکمہ زکوٰۃ کے متعدد ملازمین عرصہ دراز سے مستقل نہیں ہوئے۔ وزیراعلیٰ نے وفد کویقین دہانی کرائی کہ محکمہ زکوٰۃ کے ملازمین کے مطالبات پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا اور اس ضمن میں جلد اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں آل پنجاب آڈٹ سٹاف ایسوسی ایشن محکمہ زکوٰۃکے چیف ایگزیکٹو محمد شکیل سومرو، صدرمحمد فاروق خان، ایگزیکٹو ممبر ڈی جی خان ملک محمد زبیر اور سیکرٹری پنجاب ملک امان اللہ منگلا شامل تھے۔
عثمان بزدار

گوجرانوالہ(بیورو رپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق صوبہ بھر میں سادگی کلچر کو فروغ دیا جارہا ہے کرپٹ مافیا کو کسی قیمت پر نہیں چھوڑیں گے۔ صوبے بھر میں سرکاری اراضی کو واگزار کروائیں گے۔ پنجاب کو سرسبز اور صاف شفاف بنائیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ سے تحریک انصاف کے رہنما سابق ایم پی اے میاں مظہر جاوید سے ملاقات کے دوران کیا اس موقع پر مشیر وزیر اعلیٰ چوہدری محمد اکرم بھی موجود تھے۔ میاں مظہر جاوید نے وزیراعلیٰ پنجاب کو گوجرانوالہ کے مسائل سے آگاہ کیا اورکہا کہ انتظامیہ سرکاری اراضی واگزار کروانے کیلئے بہتر طریقے سے کام کررہی ہے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تمام سرکاری محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے دروازے کھول کر رکھیں اور لوگوں کے مسائل حل کریں انہوں نے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ موجودہ حکومت کا ایجنڈا ہے اور اس ایجنڈے پر سو فیصد عمل ہوگا انہوں نے میاں مظہر جاوید کو یقین دلایا کہ گوجرانوالہ کے دیرینہ مسائل حل کریں گے۔ دریں اثناء سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کو ورثے میں تباہ حال معیشت ملی، مشکل وقت زیادہ دیر نہیں رہے گا، جلد عوام کی عارضی مشکلات دور ہوں گی۔لاہور میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدارنے کہا کہ عوام کے مسائل میرے اپنے مسائل ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ وزیراعلی آفس میں عوامی مسائل کے حل کے لیے جدید شکایت سیل بنایا جائے گا، ان شکایات کی مانیٹرنگ میں خود کروں گا۔وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ ہم عمل پر یقین رکھتے ہیں اور عملی اقدامات کرتے ہیں، سابق دور کھوکھلے نعروں اور نمائشی منصوبوں کا دور تھا، اب ایسا نہیں ہے، جو عوامی خدمت کر ے گا وہی عہدے پر رہے گا۔
وزیراعلیٰ

B

مزید :

صفحہ اول -