ناقص کارکردگی ، پنجاب کے بعض وزراء کے قلمدان تبدیل کرنے پر مشاورت شروع

ناقص کارکردگی ، پنجاب کے بعض وزراء کے قلمدان تبدیل کرنے پر مشاورت شروع

  

لاہور(جاوید اقبال ،شہزاد ملک) تحریک انصاف نے وزیراعظم کی ہدایت پر تشکیل کردہ کارکردگی جانچنے والی خفیہ مانیٹرنگ ٹیم کی رپورٹ کی روشنی میں پنجاب کابینہ میں شامل بعض وزراء کے محکموں کے قلمدان تبدیل کرنے پر مشاورت شروع کردی ۔پی ٹی آئی ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر تشکیل کردہ خفیہ مانیٹرنگ ٹیم نے پنجاب کابینہ کی حلف برداری کے دن سے ہی اپناکام شروع کردیا تھا ۔ذرائع کے مطابق وزراء کی پہلے50 دن کی کارکردگی رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو پیش کردی گئی، جس میں 25 فیصد وزراء کی کارکردگی پر تحفظات کااظہار کیا گیا جبکہ10فیصد کی کارکردگی انتہائی غیر تسلی بخش قرار دی گئی ۔پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی دی جانیوالی رپورٹ میں ان وزراء کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وہ اپنے دفاترز میں عوام کو دستیاب ہیں نہ ہی ابھی تک اپنے محکموں کے بارے میں سیکرٹریز کو واضح پالیسی دے سکے ہیں اور نہ ہی حکومت کے 100دن کے ایجنڈا کی تکمیل کیلئے عملی اقدامات کر سکے ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم آئندہ چند روز میں وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار سے اس رپورٹ پر مشاورت کریں گے اور وزیراعلی کی سفارشات کی روشنی میں بعض وزراء کے محکموں کے قلمدان تبدیل کئے جانے کا امکان ہے ۔ذرائع کے مطابق وزارت صحت کیلئے ڈاکٹر مختار بھرت کو وزیر لئے جانے کا قوی امکان ہے ۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم سے مشاورت کے بعد ناقص کارکردگی کے حامل وزراء سے وزیراعلی پنجاب وضاحت طلب کریں گے اور پھر ان کے قلمدان تبدیل کئے جائیں گے اور اگر پھر بھی ان کی کارکردگی بہتر نہ ہوئی تو ان کو وزارتوں سے ہی فارغ کردیا جائے گا ۔

مزید :

صفحہ اول -