خواجہ آصف نااہلی کیس،غلطی سے اکاؤنٹ ظاہر نہ کرنا بدنیتی نہیں، تفصیلی فیصلہ جاری

خواجہ آصف نااہلی کیس،غلطی سے اکاؤنٹ ظاہر نہ کرنا بدنیتی نہیں، تفصیلی فیصلہ ...

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ،صباح نیوز) سپریم کورٹ نے خواجہ آصف نااہلی کیس کا 21صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ خواجہ آصف کا کاغذات نامزدگی میں اکاؤنٹ ظاہر نہ کرنا غلطی ہے بدنیتی نہیں۔ خواجہ آصف نااہلی کیس کا فیصلہ جسٹس فیصل عرب نے تحریر کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یہ مفادات کے ٹکرا ؤکا مقدمہ نہیں بنتا، خواجہ آصف پر ناجائز طریقے سے اثاثے بنانے کا الزام ثابت نہ ہوسکا، خواجہ آصف کی نااہلی دبئی اکاؤنٹس میں پڑے 5ہزار درہم پر مانگی گئی، الزام لگایا گیا کہ خواجہ آصف نے کاغذات نامزدگی میں یو اے ای کا اکاؤنٹ چھپایا۔فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ خواجہ آصف نے دبئی کا اکاؤنٹ 2015کے گوشواروں میں ظاہر کیا، ریکارڈ کے مطابق خواجہ آصف نے دبئی کا اکاؤنٹ 2010میں کھولا جو 2015میں بند ہوگیا، بنک اکاؤنٹ کے کھولنے سے بند ہونے تک اس میں کوئی ٹرانزکشن نہیں ہوئی، خواجہ آصف کا کاغذات نامزدگی میں اکاؤنٹ ظاہر نہ کرنا غلطی ہے بدنیتی نہیں، معمولی اکاؤنٹ ظاہر نہ کرنے کی غلطی پر خواجہ آصف کو بے ایمان نہیں کہا جا سکتا۔سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں اثاثے ظاہر کرنے سے متعلق قوا نین کی اہمیت بھی بیان کی ہے، فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اثاثوں سے متعلق قانون سازی کا مقصد عوام کو امیدوار کے اثاثوں کی معلومات دینا اور غیر قانونی طریقوں سے اثاثے بنانے والوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہے، اثاثوں کی درست معلومات نہ دینا امیدوار کی نیت ظاہر کرتا ہے، اثاثے ظاہر ہونے سے متعلق نااہلی کی درخواست پر وقت کی قدغن نہیں لگائی جا سکتی۔

خواجہ آصف/تفصیلی فیصلہ

مزید :

صفحہ اول -