جمعیت علمائے اسلام (س) بیرونی،داخلی سازشوں کا بھرپور مقابلہ کرے گی:عبدالصمد درخواستی
راجن پور ( ڈسٹرکٹ رپورٹر) جمعیت علماء اسلام س پنجاب کے ترجمان وجنوبی پنجاب کے سنیئر نائب امیر وفاق المدارس العربیہ ضلع راجن پور کے کنونیئر سفیر امن مولانا عبدالصمد درخواستی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام پاکستان ان علماء حق کے سیاسی نظریے کی وارث تنظیم ہے ۔ جنہوں نے شیخ الہند مولانا محمود حسن ؒ دیوبندی کی قیادت میں برطانوی سامراج کی غلامی سے نجات (بقیہ نمبر34صفحہ12پر )
کے لیے جہاد کیا اور جب آزادی کی منزل قریب آئی تو شیخ السلام حضرت علامہ شبیر احمد عثمانی ؒ کی قیادت میں قیام پاکستان کی جدوجہد میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ۔ انہوں نے کہا جمعیت علماء اسلام نے 1973 کے دستور میں اسلام کو مملکت کا سرکاری مذہب قرار دلوانا ، دیگر اسلامی دفعات کو شامل کرانا اور پھر 1974 میں آئینی ترمیم کے ذریعے قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دلوانا اور انہی اکابر کی انتھک جدوجہد کا نتیجہ اور نفاذ اسلام کی جدوجہد میں ایک قابل فخر حصہ ہے ۔ انہوں نے کہا مفکر اسلام حضرت مولانا مفتی محمود ؒ کی وفات کے بعد حضرت مولانا عبید اللہ انور ؒ اور ان کی وفات کے بعد مولانا صدرالشہید کو یکے بعد دیگرے ناظم عمومی مقرر کیا گیا ۔ انہوں نے کہا امیر مرکزیہ حافظ الحدیث مولاناعبداللہ درخواستی ؒ نے مئی 1986میں مرکز اہل حق جامعہ خدام الدین شیرانوالہ دروازہ لاہور میں تین ہزار علماء حق کی موجودگی میں شیخ الحدیث قائد جمعیت حضرت مولانا سمیع الحق کو جمعیت کا ناظم عمومی نامزد فرمایا اور اسی سال مینار پاکستان لاہور میں منعقدہ ایک تاریخ ساز آئین شریعت کانفرنس میں مولانا سمیع الحق کے ایک ہاتھ میں کلاشنکوف اور دوسرے ہاتھ میں قرآن مجید دے کر عظیم جدوجہد اور علماء کی قیادت کے لیے میدان میں اتارا تو آنے والے حالات کے لیے یہ نامزدگی ایک مرد مومن کی ایمانی بصیرت کا مظہر ثابت ہوئی ۔ پھر انہی قائدین نے سینٹ آف پاکستان میں متفقہ شریعت بل منظور کروا کے نا صرف دینی جدوجہد کا ایک روشن باب رقم کیا بلکہ نفاذ شریعت کے مطالبے کو اس ملک کے مسلمانوں کی آواز بنا کر پاکستان کا روشن مستقبل اسلامی نظام کے ساتھ وابستہ کر دیا ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا عبدالصمد درخواستی نے روجھان ، عمر کوٹ ، کوٹ مٹھن، راجن پور ، فاضل پور ، مہرے والا ، محمد پور دیوان ، داجل ، حاجی پور میں JUIکے زیر اہتمام کارنر میٹنگوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام نسلی ، لسانی ، علاقائی اور مذہبی بالخصوص فرقہ وارانہ تعصبات کو ہوا دینے کی بیرونی و داخلی سازشوں کا مل کر مقابلہ کرنا اور قومی و ملی یکجہتی قائم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانا اور غربت مہنگائی ، بیروزگاری، نا خواندگیاور بد عنوانی کو ختم کر کے اسلامی جمہوریہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی کوشش کرنا جمعیت علماء اسلام کے اہداف میں شامل ہے ۔
عبدالصمد درخواستی