عوامی جمہوریہ چین کی طرف سے کھیلوں کیلئے کمپلیکس تعمیر کرنے کی پیش کش کی گئی

عوامی جمہوریہ چین کی طرف سے کھیلوں کیلئے کمپلیکس تعمیر کرنے کی پیش کش کی گئی

  

پشاور(سپورٹس رپورٹر)عوامی جمہوریہ چین کی جانب سے خیبر پختون خوا میں کھیلوں کی ترقی و فروغ اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لئے کثیر المقاصد سپورٹس کمپلیکس تعمیر کرنے کی پیش کش کی گئی ہے ۔اس سلسلہ میں چین کے سفیر نے ملک سعد میموریل سپورٹس ٹرسٹ کے لئے کھیلوں کا سامان فراہم کرنے کے علاوہ اس تجویز کو قابل عمل ہونے سے متعلق استفسار کیا ہے اور صوبائی سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کو بھی آن بورڈ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضع رہے کہ سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کے زیر اہتمام صوبے بھر میں ترقیاتی کام جاری ہیں۔صوبے بھر میں سپورٹس کمپلیکس تعمیر کئے جا رہے ہیں۔صوبائی حکومت نے پہلے ہی تین اتھلیٹک ٹریک اور تین ہاکی ٹرف لگانے کی منظوری دے رکھی ہے جس کے پیش نظر سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کے ڈیولپمنٹ آفیسرز کو چین میں ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کاجائزہ لینے اور خیبر پختون خوا میں بھی اسی عالمی معیار کی تعمیرات کے لئے رپورٹس بنانے کا موقع فراہم کیا گیا۔اسی سلسلہ میں پاکستان میں چینی سفارت خانہ کی جانب سے ملک سعد میموریل سپورٹس ٹرسٹ کے ممبران کوچین کے سٹیڈیمز دیکھنے کی دعوت دی گئی تھی تاہم ان کی جانب سے معذرت کے بعد سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کے افسروں کو ٹرسٹ کی جانب سے بھیجا گیا۔تینوں افسروں کو ایک گھنٹہ میں ویزہ جاری کیا گیا جس کے باعث ان کا دورہ ممکن ہو سکا۔سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کے مطابق اکثر یہ تبھی ممکن ہوتا ہے جب کسی بھی ملک میں کوئی بین الاقوامی ایونٹ یا ورکشاپ کا انعقاد ہو رہا ہو۔سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کے مطابق ایسے مواقع کسی بھی افسر یا ایسوسی ایشن کے عہدے دار کی استعداد کار میں بہتری کا باعث بنتے ہیں جن پر تنقید کی بجائے حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -