صدر آزاد کشمیر اور گورنر گلگت بلتستان کی علی امین گنڈا پور سے ملاقات ،اہم امور پر تبادلہ خیال

صدر آزاد کشمیر اور گورنر گلگت بلتستان کی علی امین گنڈا پور سے ملاقات ،اہم ...

  

اسلام آباد(صباح نیوز،این این آئی)آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر اور گلگت بلتستان علی امین خان گنڈ ا پور سے ملاقا ت کر کے انہیں وفاقی کابینہ میں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ صدر سردار مسعود خان اور وفاقی وزیر امور کشمیر نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مجموعی صورتحال سمیت بھارتی فوج کے ہاتھوں بے گناہ کشمیری عوام کے قتل و غارت ، غیر قانونی حراستوں سمیت انسانیت کے خلاف دیگر جرائم پر تبادلہ خیال ہوا۔ صدر سردار مسعود خان نے ملاقات کے دوران صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی ، وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعظم شاہ محمود قریشی کی طرف سے مسئلہ کشمیر پر جاندار اور دو ٹوک موقف اختیار کرنے، کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور بھارتی حکومت سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ صدر سردار مسعود خان نے اس توقع کا اظہار کیا حکومت پاکستان ریاست جموں وکشمیر کے عوام کی جائز ، منصفانہ اور بین الاقوامی اصولوں اور قوانین کے مطابق جاری جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گی۔ صدر آزادکشمیر نے وفاقی وزیر امور کشمیر سے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا اور سی پیک کے تحت مجوزہ مانسہرہ-مظفرآباد، میر پور شاہراہ کے منصوبے کی بحالی اور لیپہ ٹنل کے فنڈز کی بحالی کا بھی مطالبہ کیا۔دریں اثناء گلگت بلتستان کے گورنر راجہ جلال نے بھی گزشتہ روز اسلام آباد میں وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور سے ملاقات کی ملاقات میں گلگت بلتستان کی مجموعی سیاسی صورت حال کے علاوہ گلگت بلتستان میں معاشی و سماجی شعبے میں ترقی کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ گلگت بلتستان میں سیاحت کی ترقی کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ ایک منظم منصوبہ بندی اور وسائل کے شفاف استعمال سے گلگت بلتستان میں سیاحت کے شعبے میں بے پناہ ترقی لائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان پورے ملک میں سیاحت کی ترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور وزیر اعظم کے اس وژن میں گلگت بلتستان کو بنیادی حیثیت حاصل ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے گزشتہ پانچ سالوں میں صوبہ خیبر پختونخواہ میں سیاحت کے شعبے میں بے پناہ کام کیا ہے اور اسی تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے گلگت بلتستان میں سیاحت کے شعبے کے لیے بڑے پیمانے پر کام کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے شعبے میں بیرونی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کریں گے اور انہیں تمام تر سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ گورنر گلگت بلتستان نے وفاقی وزیر کو گلگت بلتستان کے عوام کو درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا ۔ اس سے قبل گورنر گلگت بلتستان نے علی امین خان گنڈا پور کو وزارت کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد بھی پیش کی۔

صدر آزاد کشمیر

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -