جمال خاشقجی ہلاکت،جنرل انٹیلی جنس کے نائب سربراہ سمیت 5 اعلیٰ عہدیدار برطرف
ریاض (ڈیلی پاکستان آن لائن) سعودی عرب کی جانب سے صحافی جمال خاشقجی کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے فرائض میں غفلت برتنے پر جنرل انٹیلی جنس کے نائب سربراہ سمیت 5 اعلیٰ عہدیداروں کو برطرف کر دیا گیا ہے۔
سعودی عرب کے سرکاری ٹی وی کے مطابق امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ سے وابستہ صحافی جمال خاشقجی 2 اکتوبر کو استبول میں سعودی قونصل خانے میں ضروری دستاویزات کے حصول کیلئے گئے تھے کہ اسی دوران ان کا وہاں جھگڑا ہو اور تشدد کے باعث ان کی موت واقع ہوگئی۔ سعودی عرب کی جانب سے جمال خاشقجی کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث 18 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ جنرل انٹیلی جنس کے نائب سربراہ سمیت 5 اعلیٰ عہدیداروں کو برطرف کر دیا گیا ہے۔
سعودی عرب کی جانب سے ابتدائی تحقیقات کے بعد نائب انٹیلی جنس چیف احمد العسیری، ڈائریکٹر جنرل ایڈ منسٹریشن میجر جنرل راشد بن حامد اور شاہی عدالتی مشیر سعودالقحطانی کو برطرف کر دیا گیا ہے جس کے بعد انٹیلی جنس ایجنسی بحرانی کیفیت سے دوچار ہوگئی ہے۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے انٹیلی جنس کو بہتر اور مضبوط بنانے کیلئے اہم قدم اٹھاتے ہوئے انٹیلی جنس ایجنسی کی تنظیم نو کےلئے کمیٹی قائم کردی ہے جس کی صدارت وہ خود کریں گے۔