”اگر نہال ہاشمی کے ساتھ یہ کام کردیا جائے تو وہ ساری عمر پاک فوج کے گن گاتے رہیں گے “ ارشاد بھٹی نے ایسی بات کہہ دی کہ آپ بھی اتفاق کریں گے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سینئر صحافی و تجزیہ کار ارشاد بھٹی کا کہنا ہے کہ اگر نہال ہاشمی کو ایک دن بھارت کے ان خاندانوں کے ساتھ رکھا جائے جنہیں گائے کا گوشت کھانے کے شبہ میں قتل کردیا گیا تو وہ بھی پاک فوج کے گن گانے لگیں گے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی نے ایک تقریب سے خطاب کے دوران کہا تھا کہ ہمارے ملک کی 8 لاکھ فوج نے ایک انچ زمین حاصل نہیں کی ، بس دکھانے کے ایٹم بم اور ایف 16 ہیں لیکن انہیں آپ استعمال نہیں کرسکتے ۔ سیاسی جدوجہد سے قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان بنا کر دکھایا، فیروز خان نون کی دوراندیشی نے 1954 میں ہمیں گوادر لے کر دیا، جس سی پیک کی ہم آج بات کرتے ہیں اس کی بنیاد فیروز خان نون نے 1954 میں رکھ دی تھی۔
نہال ہاشمی کے متنازعہ بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے صحافی ارشاد بھٹی نے ٹوئٹر پرلکھا ’اگر نہال ہاشمی کو صرف ایک دن جی ہاں صرف ایک دن ان 6 سو بھارتی مسلمانوں کے خاندانوں کے ساتھ رکھا جائے جنہیں گائے ذبح کرنے کے شبے میں ذبح کر دیا گیا تو ہاشمی صاحب عمر بھر پاک فوج کے گن گاتے ملیں گے‘۔
ارشاد بھٹی کی جانب سے نہال ہاشمی کے بیان پر انتہائی دکھ کا اظہار کیا گیا ۔ انہوں نے کہا ’ہاشمی فرمودات کے بعد سرحدوں پہ کھڑے محافظ اور شہداءکے لواحقین سوچتے تو ہوں گے کہ کن ناشکروں کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں‘۔