الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال شروع کردی
اسلام آباد(ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی نے پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال شروع کر دی ہے۔
ایکسپریس نیوزکے مطابق الیکشن کمیشن کو اسٹیٹ بینک کی جانب سے تحریک انصاف کے اکاؤنٹس کی تفصیلات موصول ہوگئی ہے جس کے بعد الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی نے تحریک انصاف کے اکاؤنٹس کی اسکروٹنی شروع کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے منحرف رہنما اکبر ایس بابر کی درخواست پر الیکشن کمیشن کی جانب سے بنائی جانے والی اسکروٹنی کمیٹی پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس میں جمع کرائی جانے والی تمام رقوم کا تفصیلی جائزہ لے گی۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے خلاف مبینہ غیرملکی فنڈنگ کی جانچ پڑتال کے لئے درخواست اکبر ایس بابر نے دی تھی، اور الیکشن کمیشن کے پانچ رکنی بینچ نے تحریک انصاف کے اکاؤنٹس کی اسکروٹنی کا فیصلہ دیا تھا۔