نہال ہاشمی کا متنازعہ بیان چلانے والے تمام ٹی وی چینلز کو نوٹس جاری
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی کا متنازعہ بیان چلانے والے تمام ٹی وی چینلز کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیمرا نے نہال ہاشمی کے ریاستی اداروں کے خلاف بیان کا نوٹس لے لیا ہے ۔ پیمرا کی جانب سے متنازعہ بیان نشر کرنے والے تمام ٹی وی چینلز کو شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔ پیمرا کے اظہار وجوہ کے نوٹس میں کہا گیا ہے ’ریاستی اداروں کے خلاف قابل اعتراض زبان استعمال کرنے والے شخص کو جگہ کیوں دی گئی، کیوں نہ ٹی وی چینلز کے خلاف کارروائی کی جائے ، کیوں نہ چینلز کی نشریات معطل کردی جائیں‘۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز (جمعہ کو) مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی نے ایک تقریب سے خطاب کے دوران کہا تھا کہ ہمارے ملک کی 8 لاکھ فوج نے ایک انچ زمین حاصل نہیں کی ، بس دکھانے کے ایٹم بم اور ایف 16 ہیں لیکن انہیں آپ استعمال نہیں کرسکتے ۔ سیاسی جدوجہد سے قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان بنا کر دکھایا، فیروز خان نون کی دوراندیشی نے 1954 میں ہمیں گوادر لے کر دیا، جس سی پیک کی ہم آج بات کرتے ہیں اس کی بنیاد فیروز خان نون نے 1954 میں رکھ دی تھی۔