بھارت میں خوفناک ٹرین حادثہ ، عمران خان نے بھارت کیلئے خصوصی پیغام جاری کر دیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )گزشتہ روز امرتسر میں ٹرین حادثے میں 61 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جس پر وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کا پیغام جاری کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے شہر امرتسر میں گزشتہ رات پیش آنے والے ٹرین حادثے پر بے حد افسوس ہے ، حادثے میں جان کی بازی ہارنے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں ۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز امرتسر کے علاقے جودھا پھاٹک کے قریب ہزاروں کی تعداد میں لوگ دوشہراہ کی تقریبات کیلئے اکھٹے ہوئے تاہم اس موقع پر ٹرین کے ٹریک کے قریب بڑی بڑی سکرینیں لگائی گئیں ۔ جس وقت راون کو تیر چلا کر جلایا گیا تو پٹاخوں کی آواز گونج اٹھی اور لوگ سکرینوں کی طرف دوڑے تاہم کسی کو خبرنہ ہوئی کہ تیز رفتار ٹرین چلی آ رہی ہے ۔ جس کی زد میں آ کر 61افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں ۔ بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ نے واقعے کی تحقیقات کرنے کا حکم جاری کر دیاہے ۔