سعودی عرب کیلئے انتہائی مشکل وقت میں وزیر اعظم عمران خان نے بڑا فیصلہ کرلیا

سعودی عرب کیلئے انتہائی مشکل وقت میں وزیر اعظم عمران خان نے بڑا فیصلہ کرلیا
سعودی عرب کیلئے انتہائی مشکل وقت میں وزیر اعظم عمران خان نے بڑا فیصلہ کرلیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) واشنگٹن پوسٹ کے صحافی جمال خاشقجی کے قتل پر جہاں دنیا کے کئی ممالک سعودی عرب میں ہونے والی فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو کانفرنس میں شرکت سے انکار کرچکے ہیں وہیں اس کانفرنس میں شرکت کیلئے وزیر اعظم عمران خان خود سعودی عرب جائیں گے۔
دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان سعودی فرماں روا شاہ سلمان کی خصوصی دعوت پر فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو کانفرنس(ایف آئی آئی سی) میں شرکت کے لیے سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب 23 اکتوبر کو متوقع ہے جس میں وہ دو روزہ کانفرنس کے پہلے دن شرکت کریں گے۔ عمران خان کی جانب سے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالے جانے کے بعد سعودی عرب کا یہ دوسرا دورہ ہوگا، اس سے قبل انہوں نے وزیراعظم بنتے ہی پہلا غیر ملکی دورہ سعودی عرب کا کیا تھا جس کے بعد اب تک وہ کسی اور ملک نہیں گئے ہیں۔
سعودی عرب میں ہونے والی ایف آئی آئی سی کانفرنس میں دنیا بھر کی کاروباری شخصیات اور ہائی ٹیک انڈسٹری کے نمائندے شرکت کریں گے چناچہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہشمند افراد سے ملاقات کا یہ ایک اچھا موقع ہے۔وزیراعظم عمران خان کی کانفرنس کے پہلے دن شمولیت کا مقصد دنیا کے سامنے پاکستان میں اقتصادی اور سرمایہ کاری صلاحیت کی تصویر پیش کرنا اور وزیراعظم کے حکومتی وژن سے آگاہ کرنا ہے۔وزیراعظم سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کریں گے جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
یہ بات بھی مدِ نظر رہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے معاملے پر ریاض میں ہونے والی اس کانفرنس میں برطانیہ، فرانس اور نیدر لینڈ کے وزرا، عالمی مالیاتی فنڈ کی سربراہ اور امریکی سیکرٹری خزانہ شرکت سے انکار کرچکے ہیں۔ سعودی عرب کی جانب سے جمال خاشقجی کے قتل کی تصدیق کردی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ ان کی موت استنبول میں سعودی قونصل خانے میں جھگڑے کے دوران ہوئی تھی ۔