ایران نے پاکستان کو بڑی پیشکش کر دی، مشکل میں گھری حکومت کے لیے خوشخبری آ گئی

ایران نے پاکستان کو بڑی پیشکش کر دی، مشکل میں گھری حکومت کے لیے خوشخبری آ گئی
ایران نے پاکستان کو بڑی پیشکش کر دی، مشکل میں گھری حکومت کے لیے خوشخبری آ گئی

  

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) مالی مشکلات میں گھری پاکستانی حکومت کو ایران کی طرف سے ایک شاندار پیشکش کر دی گئی ہے۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق ایرانی قوصل جنرل رضا نظیری نے گزشتہ روز لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ایران پاکستان کے ساتھ مضبوط تجارتی و معاشی تعلقات چاہتا ہے اور اس کے لیے ہم رقم کے عوض لین دین کی بجائے ’بارٹر سسٹم‘ کے ذریعے پاکستان کے ساتھ تجارت کرنے کے خواہش مند ہیں اور تجارت کا یہ طریقہ دونوں ملکوں کے لیے یکساں فائدہ مند ثابت ہو گا۔‘‘

رضا نظیری کا مزید کہنا تھا کہ ’’پاکستان اور ایران ہمسایہ ممالک ہیں جن کی ثقافت بھی ساجھی ہے۔ ایران ہمیشہ سے اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط تر بنانے کی کوشش کرتا آ رہا ہے اور اس سلسلے میں پاکستان ہماری پہلی ترجیح ہے۔بارٹر سسٹم کے ذریعے ہم تیل، کیمیکل، گیس اور دیگر شعبوں میں باہمی تجارت کو بہت فروغ دے سکتے ہیں۔دودھ کی پیداوار میں پاکستان نمایاں مقام رکھتا ہے اور اس سلسلے میں بھی ایران کا ڈیری سیکٹر کا تجربہ پاکستان کے لیے فائدہ مند ہو سکتا ہے۔‘‘

ایک سوال کے جواب میں رضانظیری کا کہنا تھا کہ ’’پاکستان اور ایران کے درمیان بینکنگ چینلز کی کمی تجارت میں مشکلات کا ایک سبب ہے۔ گزشتہ سال ایران نے سابق پاکستانی حکومت کے ساتھ اس حوالے سے ایک معاہدہ کیا تھا۔ میں موجودہ پنجاب حکومت سے رابطہ کروں گا کہ وہ سابق حکومت کے اس معاہدے پر عملدرآمد شروع کروائے تاکہ پاکستان اور ایران کی دوطرفہ تجارت کے فروغ میں حائل یہ رکاوٹ ختم ہو سکے۔‘‘

مزید :

قومی -علاقائی -پنجاب -لاہور -