پاکستانی نژاد امریکی ارب پتی شاہد خان نے اب کون سا کاروبار شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا؟ جان کر پاکستانی بھی خوش ہوجائیں گے
نیویارک(نیوز ڈیسک)پاکستانی نژاد امریکی ارب پتی شہری شاہد خان کو کون نہیں جانتا۔ ہمارے ہاں تو وہ محض ایک ارب پتی کے طور پر جانے جاتے ہیں مگر مغربی دنیا میں وہ کھیل کے میدان میں اربوں کی سرمایہ کاری کے حوالے سے خصوصی شہرت رکھتے ہیں۔ وہ تو برطانیہ کا مشہور ویمبلی فٹ بال سٹیڈیم بھی خریدنے لگے تھے، اور اس سودے کے لئے 60 کروڑ پاﺅنڈ کی پیشکش کر رہے تھے مگر کچھ برطانوی حلقوں کی مخالفت کی وجہ سے یہ سودا نہیں ہو سکا۔ بہرحال، شاہد خان مایوس نہیں ہوئے، انہوں نے فٹ بال کے میدان میں ملنے والی مایوسی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اب ریسلنگ کے اکھاڑے کا رخ کر لیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق شاہد خان، جو کہ جیکسن ول جیگوارز اور فلہم فٹ بال کلب کے مالک ہیں، کے متعلق یہ اطلاعات گردش میں ہیں کہ بڑی دھوم دھام سے وہ ریسلنگ کی دنیا میں قدم رکھنے والے ہیں۔ یہ ایک بہت بڑا پراجیکٹ ہوگا جس کے بارے میں توقع کی جارہی ہے کہ WWE سے بڑھ کر نہیں تو اس کے برابر ضرور ہوگا اور اس کی ساری فنڈنگ شاہد خان فیملی کی جانب سے کی جارہی ہے۔ WWEلیجنڈ کرس جیریکو اور اکھاڑے کے مشہور اناﺅنسر جم راس پہلے ہی ان کے ساتھ آچکے ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ آنے والے دنوں میں شاہد خان ریسلنگ انٹرٹینمنٹ کی دنیا کے سب سے بڑے چیمپئین کے طور پر سب کے سامنے ہوں گے ۔