”میں جب بڑی ہوں گی تو محمد عباس کی۔۔۔“ آسٹریلین خاتون کرکٹر بھی محمد عباس کی کارکردگی پر ”مر مٹی“ ایسی بات کہہ دی کہ نوجوان باؤلر کے گال شرم سے لال ہو جائیں گے
سڈنی (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان باﺅلر محمد عباس نے آسٹریلیا کیخلاف ایسی عمدہ کارکردگی دکھائی کہ پوری دنیا ہی ان کی گرویدہ ہو گئی اور بڑے بڑے غیر ملکی کھلاڑیوں نے بھی ان کی تعریفوں کے پل باندھ دئیے۔
محمد عباس آسٹریلیا کیخلاف ابوظہبی ٹیسٹ میچ میں 10 وکٹیں لے کر مین آف دی میچ اور سیریز قرار پائے اور جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کی اس کارکردگی کا جادو آسٹریلیا کی خاتون کرکٹر پر بھی چل گیا ہے جس کا کہنا ہے کہ وہ بھی بڑے ہو کر محمد عباس کی طرح باﺅلنگ کرنا چاہتی ہیں۔
آسٹریلوی کھلاڑی ’رینے فیرل‘ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں لکھا ”عباس کتنا ہی زبردست ہے۔“
انہوں نے اگلی ٹویٹ میں محمد عباس کی طرح باﺅلنگ کرنے کی خواہش بھی ظاہر کی۔ فیرل نے لکھا ”میں بھی بڑی ہو کر محمد عباس کی طرح باﺅلنگ کروانا چاہتی ہوں۔“