جاپانی اور بھارتی افوا ج اپنی پہلی مشترکہ مشقوں کا آغاز27اکتوبرسے کریں گی
ٹوکیو(این این آئی) جاپان کی برّی سیلف ڈیفنس فورس اور بھارتی فوج اپنی پہلی مشترکہ مشقوں کا آغاز27اکتوبرسے کریں گی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق جی ایس ڈی ایف کا کہنا ہے کہ دونوں جانب سے تقریباً 30،30 اہلکار 27 اکتوبر سے 18 نومبر تک ایک بھارتی مرکز میں مشقیں کریں گے۔ انسدادِ دہشت گردی کے آپریشن، گھریلو ساختہ بموں سے نمٹنے اور یرغمالیوں کو چھڑانے کی سرگرمیوں پر توجہ مرکوزکی جائے گی۔یہ مشقیں گزشتہ سال ستمبر میں جاپان بھارت سربراہ اجلاس میں ہونے والے اتفاق کی بنیاد پر ہو رہی ہیں۔ ان کا مقصد چین کی جارحانہ بحری سرگرمیوں کے تناظر میں دونوں ملکوں کے تعاون کو نمایاں کرنا ہے۔جی ایس ڈی ایف کے یونٹس کو اب اپنے دیرینہ سلامتی شراکت دار امریکا کے علاوہ بھی دیگر ممالک کے دستوں کے ساتھ تربیت کے بڑھ چڑھ کر مواقع مل رہے ہیں۔رواں ماہ کے اوائل ہی میں اس نے جاپان میں برطانوی آرمی کے ساتھ پہلی مشقیں کی تھیں۔