عالمی کا پٹ نمائش میں ہو نے والے معاہدوں سے انڈسڑی کو تقویت ملے گی اسلم طاہر

عالمی کا پٹ نمائش میں ہو نے والے معاہدوں سے انڈسڑی کو تقویت ملے گی اسلم طاہر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(لیڈی رپورٹر)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد اسلم طاہر نے تین روزہ عالمی نمائش کی کامیابی کیلئے تعاون کرنے پر ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان سمیت دیگر اداروں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ نمائش میں ہونے والے خریداری کے معاہدوں سے کارپٹ انڈسٹری کو تقویت ملے گی، بھارت کی جانب سے پاکستانی نمائش کو ناکام کرنے کیلئے منفی پراپیگنڈے پر مبنی لابنگ بھی کی گئی تاہم بھرپور دفاع کی وجہ سے اسے سبکی کا سامنا کرنا پڑاجس پر منتظمین مبارکباد کے مستحق ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہورمیں منعقد ہونے والی نمائش کی کامیابی کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ پرویز حنیف، ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین شیخ عامر خالد، سینئر مرکزی رہنما عبد الطیف ملک، سینئر ممبر ریاض احمد، سعید خان، اعجاز الرحمان،میجر (ر) اختر نذیر اوراکبر ملک سمیت دیگر بھی موجود تھے۔اجلاس کے شرکا نے تین روز ہ نمائش میں کارپٹ مصنوعات کی فروخت اور درآمدی معاہدوں کے حوالے سے بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ چیئرمین محمد اسلم طاہر نے کہا کہ لاہور میں منعقدہ کارپٹ کی عالمی نمائش نے توقعات سے بڑھ کرکامیابی کی ہے جس کے یقینی طو رپر کارپٹ انڈسٹری پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ درآمدکنندگان کے علاوہ مختلف ممالک کے مندوبین اور ملک بھر سے مقامی وزیٹرز کی شرکت بھی حوصلہ افزا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستانی نمائش کو ناکام بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کے طو رپر منفی پراپیگنڈہ کیا گیا لیکن غیر ملکی خریداروں کی جانب سے اسے خاطر میں نہیں لایا گیا اور نمائش میں بھرپور شرکت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ نمائش میں شرکت کرنے والے تمام غیر ملکیوں کی جانب سے پاکستان میں امن و امان کی صورتحال او رمعاشی سر گرمیوں پر مثبت خیالات کا اظہار کیا گیا ہے جو ہماری معیشت کے لئے بھی خوش آئند ہے۔