ٹیکسٹائل کے تما م سیکٹرز پر مشمتل9رکنی خصوصی کمیٹی تشکیل
فیصل آباد (بیورورپورٹ)فیصل آباد کے شعبہ ٹیکسٹائل کے تمام سیکٹرز کے نمائندگان پر مشتمل 9رکنی خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو تمام سیکٹرز کو درپیش انفرادی و اجتماعی مسائل پر مبنی مفصل رپورٹ تیار کرے گی جس کی روشنی میں مکمل تیاری اور ٹھوس دلائل کے ساتھ حکومت سے نتیجہ خیز مذاکرات کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ ان مسائل کے حل سمیت انڈسٹری کا پہیہ رواں دواں رکھنے میں مدد مل سکے۔اس ضمن میں ٹیکسٹائل کے شعبہ سے وابستہ تمام سیکٹرز کے منتخب عہدیداران کا مشترکہ اجلاس فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں نومنتخب صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں کی سربراہی میں منعقد ہوا جس میں ہر سیکٹر کے انفرادی مسائل کی نشاندہی کرنے اور ان کے حل کے لیے قابل عمل تجاویز پیش کرنے کے علاوہ دوسرے سیکٹرز سے ممکنہ باہمی مفادات کے ٹکراؤ کا بھی جائزہ لیا گیا۔ رانا محمد سکندر اعظم خاں نے بتایا کہ ساڑھے 3 گھنٹے طویل نشست میں ہر سیکٹر کو درپیش انفرادی اور اجتماعی مسائل پر سیر حاصل بحث ہوئی جس کی روشنی میں حکومت سے مذاکرات کیلئے تجاویز کو حتمی شکل دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ انجینئر رضوان اشرف کی سربراہی میں ان تجاویز کو حتمی شکل دی جائے گی جبکہ یہ کمیٹی شاہین تبسم، محمد معظم، مرزا محمد شفیق، یوسف موتی، شیخ اعجاز احمد، میاں اجمل، محمد حنیف اور شکیل انصاری پر مشتمل ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ انجینئر رضوان اشرف اس کمیٹی میں اپنی ضرورت کے مطابق مزید ممبران کو بھی شامل کر سکتے ہیں تاکہ ٹیکسٹائل کو درپیش مسائل پر جامع رپورٹ تیار کی جا سکے۔