تاریخ خود کو دہراتی ہے،پی ٹی آئی حکومت کو مکافات عمل کا سامنا،سراج الحق

    تاریخ خود کو دہراتی ہے،پی ٹی آئی حکومت کو مکافات عمل کا سامنا،سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(این این آئی)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ تبدیلی میں اب مزید تبدیلی ناگزیر ہے،قوم کاسمیٹک تبدیلی کی بجائے حقیقی تبدیلی چاہتی ہے،چند وزراء کی تبدیلی مسئلے کا حل نہیں۔پی ٹی آئی حکومت کو مکافات عمل کا سامنا ہے،تاریخ اپنے آپ کو دہراتی ہے۔جب ترقی کا پہیہ الٹا گھومتا ہے تو حکومتوں کی الٹی گنتی شروع ہوجاتی ہے،گلا سڑا فرسودہ نظام دکھوں کا مداوہ نہیں کرسکتا،خالی نعروں اور پھیکی سیاست سے غریب کا پیٹ نہیں بھرتا،طلبہ مستقبل کی قیادت ہیں،خود کو تیار کرنے کیلئے انہیں لائبریریاں اور لیبارٹریاں آباد کرنا ہونگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں اسلامی جمعیت طلبہ کے مختلف سطح کے ذمہ داران کی تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر معراج ا لہدی صدیقی بھی موجود تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت اپنے خلاف احتجاج کے اعلان ہی سے حواس باختہ ہوگئی ہے۔ حکومت نے آج تک سوائے جھوٹے وعدوں اور خوشنما نعروں کے کچھ نہیں کیا۔عوام حکومت سے خائف،ہمدردیاں نفرتوں اور تعلق لاتعلقی میں بدل رہے ہیں۔سبزباغ دکھانے والوں کو دن میں تارے دکھائی دینے لگے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی اقتدار پر گرفت دن بدن ڈھیلی پڑرہی ہے۔تھانے اور پٹوارخانے پہلے کی طرح بک رہے ہیں۔سابقہ حکومتوں کے دور میں ناجائز کام کیلئے اور اب جائز کام کیلئے بھی رشوت دینا پڑتی ہے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں،لاکھوں کشمیریوں نے پاکستان کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے لاکھوں نوجوان بھارتی جیلوں میں وحشت اور درندگی کا سامنا کررہے ہیں،76دنوں سے کشمیر میں ایک قیامت برپا ہے مگرہمارے حکمران خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم بیدار اور کشمیریوں کے ساتھ ہے۔حکومت کا فرض تھا کہ کشمیر کے مسئلہ پر قوم کو متحد کرتی،کشمیر کی آزادی کا ایک روڈ میپ طے کرکے جہاد کا اعلان کرتی اور کشمیریوں کو بھارت کے خونی پنجہ سے آزاد کرانے کیلئے آخری حد تک جاتی۔ مگر حکومت نے اڑھائی ماہ میں ایک قدم آگے نہیں بڑھایا۔
سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -