”سرفراز کی چھٹی اور وقار یونس کی ٹویٹ“ شائقین حیران پریشان رہ گئے

”سرفراز کی چھٹی اور وقار یونس کی ٹویٹ“ شائقین حیران پریشان رہ گئے
”سرفراز کی چھٹی اور وقار یونس کی ٹویٹ“ شائقین حیران پریشان رہ گئے

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹا دیا ہے اور اظہر علی کو ٹیسٹ جبکہ بابراعظم کو ٹی 20 ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا گیا ہے۔

ایک جانب چند حلقے سرفراز کو قیادت سے ہٹانے کے فیصلے کو درست قرار دے رہے ہیں جبکہ کچھ لوگ خصوصاً ٹی20 کے کپتان کے عہدے سے سرفراز کو ہٹانے پر اپنے تحفظات ظاہر کرتے ہوئے اسے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح اور باؤلنگ کوچ وقار یونس کے گٹھ جوڑ کا شاخسانہ قرار دے رہے ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ ان دونوں بڑوں نے لابنگ کر کے سرفراز کو گھر واپسی کا راستہ دکھایا۔

سرفراز کو ابھی تک ون ڈے ٹیم کی قیادت سے ہٹانے کا اعلان نہیں کیا گیا لیکن لگتا یہی ہے کہ بورڈ نے قومی ٹیم کی مستقبل قریب میں کوئی بھی ون ڈے سیریز نہ ہونے کے سبب یہ اعلان نہیں کیا اور سیریز قریب آتے ہی یہ اعلان بھی کردیا جائے گا۔سرفراز احمد ابھی صرف 32 سال کے ہیں اور ابھی تک انہیں ٹیم سے ڈراپ کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا لیکن حالیہ اقدامات سے ایسا لگتا ہے کہ شاید ان کا کیریئر بھی داؤ پر لگ گیا ہے اور کیا پتہ وہ دوبارہ کبھی قومی ٹیم کی نمائندگی کر سکیں یا نہیں؟

قومی کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس کو شائد ایسا ہی محسوس ہوتا ہے کہ اب سرفراز کا کیریئر ختم ہو رہا ہے اور اس بات کا اندازہ ان کی ٹویٹ سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔ وقار یونس نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا ”پیارے سرفراز، آپ نے بحیثیت کپتان پاکستان ٹیم کے لیے جو کچھ بھی کیا اس کے لیے آپ کا شکریہ، آپ کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا“ ۔ انہوں نے ہیش ٹیگ میں تھینک یو ٹائیگر کا لفظ بھی استعمال کیا۔

وقار یونس نے اپنی پوسٹ میں سرفراز کیلئے نیک خواہشات کا اظہار تو ضرور کیا لیکن ایسا لگتا تھا کہ ان کا یہ پیغام کسی رخصت ہونے والے کپتان کے بجائے کرکٹ کو خیرباد یا ریٹائرمنٹ لینے والے کرکٹر کیلئے ہے۔یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ ماضی میں سرفراز احمد اور وقار یونس کے درمیان تعلقات کچھ اچھے نہیں رہے اور یہی وجہ ہے کہ اب جب وکٹ کیپر بلے باز سے قیادت کا منصب واپس لیا گیا تو کچھ شائقین کرکٹ اس اقدام کو ٹیم میں لابنگ کا حصہ قرار دے رہے ہیں۔

مزید : کھیل