دورہ آسٹریلیا کیلئے کن نئے باﺅلرز کا انتخاب ہو گا؟ باﺅلنگ کوچ وقار یونس کی ٹویٹ نے واضح اشارہ دیدیا

دورہ آسٹریلیا کیلئے کن نئے باﺅلرز کا انتخاب ہو گا؟ باﺅلنگ کوچ وقار یونس کی ...
دورہ آسٹریلیا کیلئے کن نئے باﺅلرز کا انتخاب ہو گا؟ باﺅلنگ کوچ وقار یونس کی ٹویٹ نے واضح اشارہ دیدیا

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے باﺅلنگ کوچ وقار یونس کی زیر نگرانی باﺅلرز کا تربیتی کیمپ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں جاری ہے جس میں قومی باﺅلرز سمیت 15 ڈومیسٹک کرکٹرز شریک ہیں اور اپنی مہارت کو مزید نکھارنے میں مصروف ہیں۔

وقار یونس نے قومی ٹی 20 کپ میں ہفتے اور اتوار کو کوئی میچ نہ ہونے پر ان 15 باﺅلرز کو ٹریننگ کیلئے لاہور مدعو کیا ہے جس میں آسٹریلیا کیخلاف ٹی 20 اور ٹیسٹ سیریز کے امیدوار بھی کیمپ میں شریک ہیں جبکہ قومی ٹیسٹ ٹیم کے نومنتخب کپتان اظہر علی، ٹی 20 ٹیم کے قائد بابر اعظم اور امام الحق بھی شریک ہوئے۔

دورہ آسٹریلیا کیلئے ٹیسٹ اور ٹی 20 سکواڈ کا اعلان کیا جانا ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس دفعہ باﺅلنگ کے شعبے میں نئے چہرے بھی دیکھنے کو ملیں گے تاہم وہ نئے چہرے کون ہو سکتے ہیں؟ باﺅلنگ کوچ وقار یونس نے اپنی تازہ ترین ٹویٹ کے ذریعے اوضح اشارہ دیدیا ہے۔

وقار یونس نے قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باﺅلر شاہین شاہ آفریدی اور محمد حسنین کیساتھ انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی جانب سے کھیلنے والے عامر علی اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے والے موسیٰ خان کی تصاویر شیئر کیں اور لکھا ”پاکستان فاسٹ باﺅلنگ کی نئی جنریشن۔۔۔ مجھے ان نوجوانوں کی انرجی بہت اچھی لگتی ہے۔۔۔ آگے بڑھنے کا وقت آ گیا ہے۔“

مزید : کھیل