شادی کے دن کی تفصیلات دولہوں کو زیادہ یاد رہتی ہیں یا دلہنوں کو؟ سائنسدانوں نے انتہائی دلچسپ انکشاف کردیا
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) شادی کا دن مردوخواتین کی زندگی کا اہم ترین دن ہوتا ہے مگر کیا آپ بتا سکتے ہیں کہ اس اہم ترین دن کو مرد زیادہ یاد رکھتے ہیں یا خواتین؟ سائنسدانوں نے نئی تحقیق میں اس سوال کاجواب دے دیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق سائنسدانوں نے تحقیقاتی سروے کے نتائج میں بتایا ہے کہ خواتین مردوں کی نسبت کئی گنا زیادہ اپنے شادی کے دن کو یاد رکھتی ہیں۔ انہیں شادی کے دن کی زیادہ تفصیلات یاد ہوتی ہیں، مثال کے طور پر انہوں نے شادی کے روز کیسا لباس پہنا تھا اور اس روز موسم کیسا تھا وغیرہ۔
خواتین کے برعکس مردوں کواپنے شادی کے دن کی تفصیلات بہت کم یاد رہتی ہیں۔ حتمی بات کی جائے تو سروے میں معلوم ہوا ہے کہ خواتین مردوں کی نسبت 23فیصد زیادہ اپنے شادی کے دن کی تفصیلات یاد رکھتی ہیں۔اس سروے میں امریکہ کے ڈکینسن کالج اور آسٹریلیا کی میکوئری یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے ایسے شادی شدہ جوڑوں سے سوالات کیے جن کی شادی کو 13سے 65سال کا عرصہ گزر چکا تھا۔ ہر جوڑے میں شوہر اور بیوی کو اپنی شادی کے دن کی تفصیلات بتانے کے لیے 3منٹ بولنے کو کہا گیا۔ جواب میں خواتین نے مردوں کی نسبت 23فیصد زیادہ تفصیلات بتائیں۔ بہت سے شوہروں کویہ بھی یاد نہیں تھا کہ انہوں نے شادی کے روز کون سا لباس پہنا تھا۔