روہت شرما نے 71 سال پرانا سر ڈان بریڈ مین کا سب سے زیادہ ایوریج کا ریکارڈ توڑ دیا
رانچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ٹیسٹ کرکٹر روہت شرما نے جنوبی افریقہ کے خلاف جاری ٹیسٹ میچ میں ڈبل سنچری کے ساتھ سر ڈان بریڈ مین کا 71 برس پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔
اتوار کے روز تیسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز روہت شرما نے پہلی بار ڈبل سنچری سکور کی اور اس کے ساتھ ہی اپنی ہوم سیریز میں سب سے زیادہ ایوریج کا سر ڈان بریڈ مین کا 71 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔ آسٹریلیا کے عظیم بلے باز ڈان بریڈ مین نے ہوم سیریز کے دوران 98 اعشاریہ 22 کی اوسط سے رنز بنائے تھے لیکن آج کی کارکردگی کے بعد روہت شرما کی ایوریج 99 اعشاریہ 84 ہوگئی ہے۔
اسی کے ساتھ روہت شرما نے میچ کے پہلے روز ایک ٹیسٹ سیریز میں سب سے زیادہ چھکے مارنے کا ریکارڈ بھی توڑا تھا۔ انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے ابتدائی روز 4 چھکے مارے اور ویسٹ انڈین کرکٹر شمرون ہت مائر کا ایک سیریز میں 15 چھکوں کا ریکارڈ توڑ دیا۔ شمرون ہت مائر نے کسی ٹیسٹ سیریز میں سب سے زیادہ چھکے مارنے کا اعزاز 19-2018ء کے سیزن میں بنگلہ دیش کیخلاف حاصل کیا تھا۔
خیال رہے کہ ون ڈے کرکٹ میں اب تک 8 بار ڈبل سنچریاں سکور کی گئی ہیں جن میں سے 3 روہت شرما نے بنائی ہیں، یہی نہیں بلکہ ایک ون ڈے میچ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی انہی کے پاس ہے۔ انہوں نے 2014 میں سری لنکا کے خلاف 264 رنز کی اننگ کھیلی تھی۔