وزیراعظم عمران خان اپنی مدت پوری نہیں کر سکتے، اگر مارشل لا لگا تو پیپلز پارٹی اپنا جمہوری کردار ادا کرے گی:بلاول بھٹو زرداری

وزیراعظم عمران خان اپنی مدت پوری نہیں کر سکتے، اگر مارشل لا لگا تو پیپلز ...
وزیراعظم عمران خان اپنی مدت پوری نہیں کر سکتے، اگر مارشل لا لگا تو پیپلز پارٹی اپنا جمہوری کردار ادا کرے گی:بلاول بھٹو زرداری

  



کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان  پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت سمجھے، ملک چلانا کرکٹ میچ نہیں، حکمران پارلیمنٹ پر تالا لگائیں گے تو سیاسی جماعتیں مجبور ہونگی،آج تمام سیاسی جماعتیں ہی احتجاج پر مجبور ہو گئی ہیں، وزیراعظم عمران خان اپنی مدت پوری نہیں کر سکتے،حکومت عوام کے مسائل حل نہیں کرے گی تو ملک میں انارکی پھیلے گی۔

جناح ہسپتال کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان میں صلاحیت نہیں کہ اپنی مدت پوری کر سکیں،نام نہاد جمہوریت میں ہم جدوجہدکررہے ہیں،اگرمارشل لالگے گا تو پیپلز پارٹی اپنا جمہوری کردار ادا کرے گی، تمام سیاسی جماعتوں کی کوشش ہونی چاہیےکسی کوآمریت کا موقع نہ دیں،عوام کےمسائل کاحل جمہوریت ہے۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ تاجر سمیت ہر کوئی حکومت کیخلاف سراپا احتجاج ہے،مسائل حل نہیں ہونگے تو ملک انارکی کی طرف جائے گا،حکومت کو سمجھنا چاہیے کہ ملک چلانا کوئی کرکٹ میچ نہیں ہے،وزیراعظم کا فرض ہے کہ وہ عوام میں اعتماد پیدا کریں۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کر رہی ہے، صوبے میں غریب کو علاج مل رہا ہے ،پرائیویٹ سیکٹرز کیساتھ مل کر اچھی سہولتیں مہیاکررہے ہیں، ہمیں فخر ہے کراچی کا ہسپتال ایک ایسی سروس مفت دے رہا ہے جو دنیا میں نہیں ملتی،ہمیں اپنے پرائیویٹ سیکٹر پر فخر ہے اور ہم نے مل کر عوام کے مسائل حل کرنے ہیں،سندھ حکومت واحد حکومت ہے جہاں کام ہو رہا ہے،منصوبے بن رہے ہیں اور نہ صرف ہسپتال مفت چل رہے ہیں بلکہ غریبوں کو علاج بھی مل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جناح ہسپتال کو لیڈی ریڈنگ سے کمپئر کر کے دیکھ لیں فرق نظر آ جائے گا،کم وسائل کے باوجود نجی سیکٹرز کے ساتھ مل کر اچھی سہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اپنی مدت پوری نہیں کر سکیں گے،عمران خان سیاسی انا کی وجہ سے رینجرز اور نیب کو استعمال کر کے پارلیمان کو غیر سیاسی بنا دیں گے جبکہ تاجر برادری بھی موجودہ حکومت کی پالیسیوں سے تنگ آ چکی ہے، آج تمام سیاسی جماعتیں ہی احتجاج پر مجبور ہو گئی ہیں اور ہر طبقہ سراپا احتجاج ہے،وزیر اعظم پر فرض ہے کہ وہ عوام میں اتحاد پیدا کریں،مولانا فضل الرحمان احتجاجی مارچ کر رہے ہیں تو پیپلز پارٹی کا بھی کراچی سے کشمیر تک کا پروگرام ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ آمر سے ٹکرائی ہے اور اگر اب بھی مارشل لا لگا تو پیپلز پارٹی اپنا ماضی والا ہی کردار ادا کرے گی۔

مزید : قومی