مشیر خزانہ کی امریکی تاجروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت
واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن) مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے امریکی تاجروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے مستفید ہونے کی پیشکش کی ہے۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے ان خیالات کا اظہار واشنگٹن میں امریکہ پاکستان بزنس کونسل کے اعلی حکام کے ساتھ گول میز مباحثے میں شرکت کرتے ہوئے کیا۔ مشیر خزانہ نے کاروباری سہولیات میں بہتری کیلئےحکومت کے اقدامات کو اجاگر کیا اورامریکی کمپنیوں سے کہاکہ وہ پاکستان میں اپنے کاروبار کو توسیع دیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی معیشت مستحکم ہورہی ہے۔بعد میں عبدالحفیظ شیخ نے اپنے وفد کے ارکان کے ہمراہ ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک کے صدر Jin Liqun اور اسلامی ترقیاتی بنک کے صدر ڈاکٹر Bander M H Hijjar سے ملاقات کی اور انہیں ملک کی موجودہ معاشی صورتحال سے آگاہ کیا۔