زمبابوے کے خلاف 22 رکنی اسکواڈ کا اعلان، شعیب اور سرفرازڈراپ

 زمبابوے کے خلاف 22 رکنی اسکواڈ کا اعلان، شعیب اور سرفرازڈراپ

  

لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم کے  ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے زمبابوے کے خلاف ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے پاکستان کے 22 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا شعیب ملک اور سابق کپتان سرفراز احمد کو سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا جبکہ اعلان کئے گئے سکواڈ میں بابراعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، عابد علی، فخر زمان، حیدر علی، حارث سہیل، افتخار احمد، امام الحق، خوشدل شاہ اور محمد حفیظ، محمد رضوان، روحیل نذیر، عماد وسیم، عثمان قادر، ظفر گوہر،فہیم اشرف، حارث رؤف، محمد حسنین، موسیٰ خان، شاہین شاہ اور وہاب ریاض شامل ہیں اس حوالے سے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا کہ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں نوجوان کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اس لئے زمبابوے کے خلاف زیادہ تر نوجوان کھلاڑیو ں کو شامل کیا گیا کھلاڑیو ں کا اعلان ان کی کارکردگی دیکھ کر میرٹ پر کیا ہے ہمارا موجودہ ٹی ٹونٹی اسکواڈ پہلے ہی نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے  اورہم نے انہی  کھلاڑیوں کو مزید اعتماد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک روزہ انٹرنیشنل اسکواڈ میں زیادہ تبدیلیاں نہ کرنیکا مقصد آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں قیمتی پوائنٹس  حاصل کرنا ہے کیونکہ یہ ایونٹ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 کا کوالیفائنگ راؤنڈ بھی ہے۔مصباح الحق نے کہا کہ ہم نے شعیب ملک او رسرفراز احمد کی جگہ نوجوان کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں جگہ دی ہے لیکن اس کا ہر گز یہ مطلب نہیں کہ ان کے کیرئیر ختم ہوگئے، اسی طرح ہم نے عثمان شنواری اور محمد عامر کی جگہ محمد حسنین، حارث رؤف اور موسیٰ خان جیسے نوجوان کھلاڑیوں کو متواتر موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

مصباح الحق نے کہا کہ وائٹ بال کرکٹ میں محمد رضوان ہماری فرسٹ چوائس ہیں اور مستقبل کے پیش نظر ہم نے ان کی جگہ روحیل نذیر کو بطور بیک اپ ممکنہ اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔ممکنہ اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں کے کوویڈ19 ٹیسٹ 21 اکتوبر کو لیے جائیں گے۔ اس دوران پانچ روزہ آئسولیشن مدت کے دوران کھلاڑی قذافی اسٹیڈیم لاہور میں  پریکٹس کریں گے، اسکواڈ 26 اکتوبر کو راولپنڈی روانہ ہوگا۔ شیدول کے مطابق  پہلا ایک روزہ میچ30اکتوبر، دوسرا  یکم نومبر اور تیسرا ون ڈے 3 نومبر کو  راولپنڈی میں کھیلا جائیگا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -