شہرقائدؒ میں اپوزیشن نہیں سندھ حکومت کا پاورشوتھا،الطاف شاہد
لاہور(پ ر)پاک سرزمین پارٹی برطانیہ کے صدر چوہدری محمد الطاف شاہد نے کہا ہے کہ شہرقائدؒ میں اپوزیشن نہیں سندھ حکومت کا پاورشوتھا۔اجتماع کی کامیابی کیلئے سرکاری وسائل اورسرکاری اہلکاروں کاکھلم کھلااستعمال کیا گیا۔نوازشریف کے دفاعی اداروں پرحملے ناقابل برداشت اورقابل مذمت ہیں۔
نوازلیگ کی طرف سے مزارقائد ؒ کے تقدس کی پامالی ناقابل معافی ہے،متحدہ اپوزیشن نے اقتدار کیلئے اقدار کورونددیا۔نوازشریف کے داماد کوایک ڈھونگ کے تحت گرفتار کیاگیا،اس کی رہائی سے شریف خاندان کی رسوائی مزید بڑھ گئی۔ نوازشریف کابیانیہ اورمتحدہ اپوزیشن کااعلامیہ پاکستانیوں نے مسترد کردیا۔تبدیلی سرکار کی ناکامی کاحساب کپتان سے لیاجائے،کسی ادارے پرتنقیدکاکوئی جواز نہیں۔وہ ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ چوہدری محمد الطاف شاہدنے مزید کہا کہ اپوزیشن سیاست کی آڑ میں منافرت اورصوبائیت کی آگ نہ بھڑکائے جبکہ تبدیلی سرکار کے وزراء جلتی پر تیل کا چھڑکاؤ نہ کریں۔اپوزیشن رہنماء یادرکھیں وہ ملک میں سیاسی خلفشار کے بل پر مہنگائی میں کمی نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف اپوزیشن کے لوگ ووٹ کوعزت دوکانعرہ لگارہے ہیں جبکہ دوسری طرف یہ گروہ منتخب ایوانوں کی بجائے میدانوں میں عوامی اجتماعات کے اندر دھونس سے حکومت گراناچا ہتا ہے۔مسلم لیگ (ن) اورپیپلزپارٹی کے نظریات میں زمین آسمان کافرق ہے لہٰذاء یہ لوگ اے آرڈی کی طرح جس اتحاد میں بھی شامل ہوں گے اس کا مستقبل ہرگز روشن نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن والے ناکام اوربدنام تبدیلی سرکار سے نجات کیلئے سنجیدہ ہیں تووہ پارلیمنٹ کے سپیکر کواپنے اجتماعی استعفے یاوزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرسکتے ہیں۔پی ایس پی کے مرکزی چیئرمین سیّد مصطفی کمال ملک میں سیاسی محاذآرائی اورکشیدگی کیخلاف ہیں۔