حکومت سے پی ڈی ایم کا سیاسی اتحاد ہضم نہیں ہو رہا،سجاد نذیر
لاہور(نمائندہ خصوصی)پیپلز پارٹی گلف اینڈ مڈ ل ایسٹ کے سیکرٹری پی آر چودھری سجاد نذیر نے کہا ہے کہ حکومت سے پی ڈی ایم کا سیاسی اتحاد ہضم نہیں ہو رہا تھا اسی لئے وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ذریعے آئی جی سندھ پر دباؤڈال کر براہ راست کیپٹن (ر) صفدر پر مقدمہ بنوایا۔انہوں نے کہا کہ ایسا کرکے پی ٹی آئی نے ایک مرتبہ پھر ثابت کیا ہے کہ ان سے اپنے سیاسی مخالفین بھی برداشت نہیں ہو رہے ہیں ابھی تو اپوزیشن نے صرف دو جلسے کئے ہیں۔
اور حکمرانوں نے جلسوں سے پریشان ہو کر اپوزیشن پر پرچے دینے شروع کردئیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دراصل کراچی میں پیپلز پارٹی کے لاکھوں کارکنوں کا جلسہ دیکھ کر تبدیلی سرکار کے پا?ں کے نیچے سے زمین سرکنا شروع ہو گئی ہے اور اسی لئے بوکھلاہٹ میں اپوزیشن کے خلاف پرچے دینے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے مگر اپوزیشن کا اتحاد اسی طرح سے قائم رہے گا اور تبدیلی سرکار کو اب گھر جانا ہی پڑے گا۔