کراچی کو ایکسپورٹ سٹی قرار دیا جائے: حافظ نعیم الرحمن 

کراچی کو ایکسپورٹ سٹی قرار دیا جائے: حافظ نعیم الرحمن 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری اور نارتھ ایسوسی ایشن آف ٹریڈ انڈسٹری کا دورہ اورعہدیداران سے ملاقاتیں کیں۔ملاقات میں فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر رضا حسین،سینئر وائس پریذیڈنٹ عمران ہارون،سابق صدور، ادریس گگی، جاوید غوری، مسرور علوی،ریحان ذیشان،محمد بابر خان،نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ انڈسٹری کے صدر فیصل معیز خان،سینئر نائب صدر اختر اسماعیل، وائس پریذیڈنٹ نعیم حیدر،چیف ڈیزاسٹر منیجمنٹ سیل فاروق کھتور، ڈپٹی سکریٹری کراچی عبد الرحمن فدا، سابق ٹاون ناظم گلبرگ فاروق نعمت اللہ،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے۔اس موقع پر ایسوسی ایشنز کے عہدیداران اور ممبران نے کراچی ریفرنڈم میں اپنا ووٹ بھی کاسٹ کیا۔ رضاحسین اور فیصل معیز نے حافظ نعیم الرحمن کا ٹریڈ ایسوسی ایشنز کے دفتر آمد پر خیر مقدم کیا اور جماعت اسلامی کا ”حقوق کراچی تحریک“کے سلسلے میں ”کراچی ریفرنڈم منعقد کرانے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی ہی اصل قیادت ہے جو شہر کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جماعت اسلامی خدمت کی علامت ہے، بچوں کے مستقبل کو محفوظ کرنے کے لیے کراچی کو باکردار قیادت کی ضرورت ہے اور اس معیار پرجماعت اسلامی ہی پورا اترتی ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کراچی ایک بڑا انڈسٹریل شہر ہے جس میں صنعتی ادارے ٹیکس کی مد میں خطیر رقم اداکرتے ہیں،کراچی تمام شہروں سے بڑا ایکسپورٹ سٹی ہے اس لیے کراچی کو ایکسپورٹ سٹی قراردیا جائے۔انہوں نے کہاکہ حالیہ بارشوں کے بعد انڈسٹریل ایریا کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں،صنعتی علاقوں کا انفرانسٹرکچر تباہ ہورہا ہے، صنعتیں گیس کی عدم فراہمی اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا شکار ہیں اور پانی کی قلت کا سامنا ہے۔انہوں نے کہاکہ مسائل کے حل کے لیے با اختیار شہری حکومت قائم کی جائے،کراچی کومیگا میٹرو پولیٹن سٹی کا درجہ دیا جائے،وسائل کی درست اور منصفانہ تقسیم اور ترقیاتی کاموں کو بہتر انداز میں کرنے کے لیے درست مردم شماری کرائی جائے،کوٹہ سسٹم ختم کر کے میرٹ کا نظام وضع کیا جائے،شہر میں ٹرانسپورٹ،صحت،سیوریج کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے،کے الیکٹرک کو فوری طور قومی تحویل میں لے کر 15سال کا فرانزک آڈٹ کیا جائے۔فاروق نعمت اللہ نے کہاکہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ کراچی کے حقوق کے حوالے سے آواز اٹھائی ہے،عبد الستار افغانی کی میئر شپ اور بلدیہ عظمیٰ کوموٹر ویکل ٹیکس کے مطالبے پر ختم کردیا گیا تھا،سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان تعمیر کراچی پیکیج دیا جس میں صنعتی اداروں کے مسائل بھی حل کیے گئے اور صنعتی اداروں کے مسائل آج بھی ہم ہی حل کرسکتے ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -