حکومت حفیظ سنٹر متاثرین کی جلد بحالی کیلئے اقدامات کا اعلان کرے: لاہور چیمبر
لاہور(لیڈی رپورٹر)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت سانحہ حفیظ سنٹر کے متاثرین کی جلد بحالی کے لئے اقدامات کا اعلان کرے۔صدر میاں طارق مصباح، سینئر نائب صدر ناصر حمید خان،نائب صدر طاہر منظور چوہدری اور ایگزیکٹو کمیٹی نے گزشتہ روزیہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حفیظ سنٹر کے متاثرین کی حالت زار کی طرف حکومت توجہ دے۔سانحہ حفیظ سنٹر میں ہزاروں لوگوں کی املاک، دکانوں، کاروباروں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے جس کے اثرات آنے والے کئی عشروں تک دکھائی دیں گے۔ ٹریڈرز،دکانداراور حفیظ سنٹر سے وابستہ لوگوں گی داد رسی کی جائے اور حکومت ایک ایسا لائحہ عمل تشکیل دے کہ جس سے انکا ہونے والے نقصان کی بھر پائی ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ جس جانفشانی سے پورا دن میڈیا نے اس حادثے کی کوریج کی اُ س پر ہم میڈیا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ریسکیو، پولیس، فوج، ڈیزاسٹر منیجمنٹ، ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور منسلک اداروں کی کارکردگی بھی ستائش کی مستحق ہے۔ سانحہئ حفیظ سنٹر پر ہم سب دلی افسوس کا اظہار کرتے ہیں اگرچہ اس سانحہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن اس کی وجہ سے حفیظ سنٹر کی تاجر برادری بالکل کنگال ہو کر رہ گئی ہے۔
لاہور چیمبر