مریم نواز کو بھی گرفتار کیا جائے، میم لیگ کا کھل کر کھیلنا نون اور شین لیگ کا ستیانا س کر دیگا: فیاض چوہان 

مریم نواز کو بھی گرفتار کیا جائے، میم لیگ کا کھل کر کھیلنا نون اور شین لیگ کا ...

  

  لاہور(آئی این پی) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ مزار قائد کی دانستہ بے حرمتی کے جرم میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو بھی گرفتار کیا جائے۔ اپنے ایک بیان میں وزارت اطلاعات پنجاب نے کہا کہ مزار قائد کی دانستہ بے حرمتی کا منطقی انجام کیپٹن صفدر اعوان کی گرفتاری ہی تھا۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مریم نواز نے اپنا، اپنے والد اور خاندان کا نام ووٹ رکھ لیا ہے اور آج کل وہ ہر جگہ ووٹ کو عزت دو کی غزلیں پڑھ رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنے آپ کو عزت دینے کا واویلا کرنیوالی مزار قائد کی بے توقیری کو باعث اطمینان جان رہی ہیں۔ وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ پوری قوم منتظر تھی کہ شاید تقریر سے پہلے مریم نواز قائد اعظمؒ کے مزار کی بے حرمتی پر شرمندہ ہو کر معافی مانگیں گی۔ مریم نواز کو مزار قائد پر عاجزی سے پاکستان کو لوٹنے، اور بھارتی اسٹیبلشمنٹ کے نظریات پروان چڑھانے پر معافی مانگنی چاہئے تھی۔ فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ حادثے سے بڑا حادثہ یہ ہوا، لوگ ٹھہرے نہیں حادثہ دیکھ کر کے مصداق مریم نواز کو رتی برابر ندامت نہیں ہوئی۔ وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ مزار قائد پر کیپٹن (ر)صفدر اعوان کی ہلڑ بازی کے پیچھے ان کی اہلیہ کی پلاننگ اور ذہن کام کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کئی ہفتے سے پیشگوئی کر رہا ہوں، میم لیگ کا کھل کر کھیلنا نون اور شین لیگ کا ستیاناس کر دے گا۔

فیاض الحسن

مزید :

صفحہ اول -