مریم نواز والد کو بچانے کیلئے اداروں کو بدنام کررہی ہیں، شاہ محمود

  مریم نواز والد کو بچانے کیلئے اداروں کو بدنام کررہی ہیں، شاہ محمود

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 ملتان (نیوز  رپورٹر)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کسی شخص کو مزار قائد کی بے حرمتی نہیں کرنے دینگے۔ مریم نواز نے مزار قائد کی بے حرمتی کی جبکہ ان کے والد نواز شریف نے عدالت عظمیٰ پر حملہ کیا۔ دونوں باپ بیٹی ریاستی اداروں پر حملوں کے مرتکب(بقیہ نمبر49صفحہ7پر)
 ہوئے۔ جو کسی صورت برداشت نہیں۔ والد کو بچانے کیلئے مریم نواز اداروں کا تقدس ختم کر رہی ہیں۔ جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان کا قومی حلقہ این اے 156 کی یونین کونسل 48 میں ناظم آباد میں کارپیٹڈ روڈ کا افتتاح سمیت مختلف یونین کونسلوں میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح و ورکرز کنونشنز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین ایم ڈی اے میاں جمیل‘ سید بابر شاہ‘ رانا عبدالجبار‘ شیخ طاہر‘ اعجاز جنجوعہ‘ مخدوم شعیب اکمل ہاشمی سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔انہوں نے کہا اپوزیشن نے ایف اے ٹی ایف پر قانون سازی کی آڑ میں حکومت سے رعایت لینے کی کوشش کی۔ حکومت کی جانب سے دو ٹوک انکار کے بعد اپوزیشن‘ عوام میں افرا تفری پھیلانا چاہتے ہیں۔ جس میں وہ ناکام ہونگے۔ اپوزیشن سے ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی وہ ملک کو پیچھے دھکیلنا چاہتے ہیں۔ یہ عناصر کرپشن چوری اور لوٹ مار کے ذریعے سے کمائی گئی دولت کو ہڑپ کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن جس جس نے ملک لوٹا اس کو حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا ہم مانتے ہیں کہ مہنگائی ہے لیکن ہم مہنگائی پر کنٹرول کرنے کیلئے بھر پور اقدامات کررہے ہیں۔ مہنگائی سابقہ حکومت کا تحفہ ہے۔ ان کی پالیسیوں کی بدولت مہنگائی وجود میں آئی۔ اسحاق ڈار نے مصنوعی طریقے سے معیشت کو سہارا دیا، ٹیکس نظام کو بھی انہوں نے تباہ کیا، حکومتی اقدامات سے معیشت کو استحکام ملا، اقتصادی اعشاریے بہتر ہوئے، ترسیلات زر اور برآمدات میں اضافہ ہوا، جاری کھاتوں کے خسارے میں نمایاں کمی ہوئی۔انہوں نے کہا عمران خان واحد لیڈر ہے جو ملکی ترقی اور مسائل کے حل کیلئے پر عزم ہیں۔ انہیں غریبوں اور متوسط طبقے کا بھر پور احساس ہے۔ انہوں نے کہا سی پیک پاکستان کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ ہم سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں جس کی تکمیل سے نہ صرف پاکستان بلکہ بلخصوص جنوبی پنجاب کی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ سی پیک کی بدولت جنوبی پنجاب خطے کا مرکز بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کرونا کے باعث ملکی معیشت شدید متاثر ہوئی جو بتدریج بہتر ہو رہی ہے۔ کرونا کے حوالے سے ہمارے اقدامات کو عالمی سطح پر سراہا گیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان میں مصروف دن گزارا۔ چوک شاہ عباس میں ملک فیض بھٹہ کے زیر اہتمام پی ٹی آئی دفتر کا افتتاح کیا۔ یوسی 47 میں عمران سومرو کی دادی کی رہائش گاہ پر اظہار تعزیت کیا۔ امجد بھٹی کی رہائش گاہ پر ورکز سے خطاب کیا اور یونین کونسل میں جاری ترقیاتی کاموں بارے آگاہی حاصل کی۔ گلزیب کالونی میں پی ٹی آئی رہنما رانا عرفان اللہ کی جانب سے دیئے گئے ظہرانہ میں شرکت کی۔ ورکرز کے مسائل سنے۔ یوسی 48 میں سابق وائس چیئرمین ممتاز بھٹہ کی رہائش گاہ پر کارکنوں سے خطاب کیا مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔ یوسی 48 میں پی ٹی آئی رہنما نسیم خان کی رہائش گاہ پر استقبالیہ میں شرکت کی۔ پی ٹی آئی رہنما سلیم چھیمہ کی رہائش گاہ پر پارٹی کارکنوں سے ملے اور مختلف گلیوں کی تعمیر و مرمت کے کام کا افتتاح کیا۔ یوسی 20 میں پی ٹی آئی ٹائیگر معین احمد کے دعوت ولیمہ میں شرکت کی۔ یوسی 16 میں تاجر رہنما چودھری الیاس کی اہلیہ کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔یوسی 15 میں شیخ رفیع کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ میں شرکت کی۔
شاہ محمود قریشی