مقررہ کردہ نرخوں پر عملدر آمد یقینی بنائیں گے،ڈی سی ڈیرہ
ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں گنے کی کرشنگ کے آغازکی تاریخ اورحکومت کے مقرر کردہ نرخ پر مکمل عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جا ئیگا، ملز انتظامیہ یا کاشتکاروں کی اجارہ داری کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائیگا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنے دفتر میں گنے کے کرشنگ سیزن کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں شوگر ملز کے جنرل منیجرز، گنے کے کاشتکاروں، ایوان زراعت کے عہدیداروں کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنرز، ٹی ایم اوز، محکمہ خوراک، زراعت، انڈسٹریز،حلال فوڈ اتھارٹی،پولیس، ٹریفک پولیس،این ایچ اے،لیبر و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ کرشنگ سیزن کے آغاز کیلئے حکومت کی جانب سے جو تاریخ مقرر کی جائے گی شوگر ملز کی جانب سے اس پرعملدرآمد کیا جائے گا تاہم گنے کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جائے کیونکہ ملز کا براہ راست تعلق گنے کی دستیابی سے ہے۔مزید بتایا گیا کہ گزشتہ سال کی نسبت امسال گنے کی پیداوار10سے 12 فیصد کم ہے۔ ملز میں روزانہ کی بنیاد پر 45ہزار ٹن گنا کرش کیا جاتا ہے جو کہ 80سے 90روز کے دورانیہ میں کرش ہوتا ہے۔گنے کی کمی اور نرخ سے متعلق مسائل کی وجہ سے چینی کی پیداوار متاثر ہوتی ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ملز اور کاشتکاروں کے درمیان باہمی اعتماد انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں کرشنگ سے متعلق تاریخ کا تعین ابھی نہیں کیا گیا لہذا جو تاریخ اور سرکاری نرخ مقرر کیا گیا اس پر مکمل عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جا ئیگاجبکہ اس حوالے سے ملز انتظامیہ یا کاشتکاروں کی اجارہ داری کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائیگا۔انہوں نے محکمہ خوراک کو ہدایت کی کہ کرشنگ سیزن کے حوالے سے ڈیوٹی روسٹرز جاری کیے جائیں۔ٹی ایم اوز صفائی ستھرائی کا خیال رکھیں جبکہ گنے کی ٹرانسپورٹیشن کے دوران حادثات کے تدارک کیلئے ٹریفک پولیس اپنا کردار ادا کرے اور ٹرالیوں کی نشاندہی کیلئے ٹیپنگ کی جائے۔ ملز مالکا ن بھی سیفٹی سے متعلق آگاہی کیلئے بینرز اور پینا فلیکس وغیرہ آویزاں کریں۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر ز کو ہدایت کی کہ کرشنگ سے متعلق ہر ہفتے اجلاس کا انعقاد کیا جائے۔اس موقع پر شوگر ملز کے جنرل منیجرز اور کاشتکاروں نے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ملزحکام کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو یقین دہانی کرائی گئی کہ چھوٹے کاشتکاروں کی سی پی آر شوگر ملزبروقت کلیئر کرینگی