صوبے میں جاری تمام ہاؤسنگ سکیمز پر کام جاری ہے،ڈاکٹر امجد علی
پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختون خوا کے وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی خان نے کہا ہے کہ صوبہ میں جاری تمام ہاوٗسنگ سکیمز پر تیزی سے کام ہو رہا ہے اور ان سکیموں سے متعلق محکمہ ہاوٗسنگ لوگوں کیلئے ہر ممکن آسانیاں پیدا کرنے کی کوششیں کر رہاہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر ہاوٗسنگ نے برطانوی حکومت کے ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (DFID) کے وفد سے پیر کے دن ان کے دفتر میں ملاقات کے دوران کیا۔ ڈیپارٹمنٹ فار انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ کے وفد نے ہاؤسنگ کے شعبے میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا اور اس ضمن میں معاونت اور سرمایہ کاری کی پیشکش کی۔اس موقع پر وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ کسی ملک کی مالیاتی ترقی میں ہاوٗسنگ کے شعبے کا کلیدی کردار ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے اور چاہتی ہے کہ وہ بھی ملک کی ترقی میں حکومت کے شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کریں۔ صوبائی وزیر نے وفد کو صوبے میں محکمہ ہاؤسنگ کے جاری اور مکمل منصوبوں کے بارے میں بتایا۔ پشاور کے علاقے حیات آباد میں سرکاری ملازمین کیلئے ھائی رائزز فلیٹس کی تعمیر, کوہاٹ جرمہ ہاوٗسنگ سکیم, جلوزئی ہاوٗسنگ سکیم, سی پیک سٹی,ہنگو ٹاوٗن شپ, حویلیاں ہاوٗسنگ سکیم ایبٹ آباد, سول کوارٹر فلیٹس پشاور, میڈیا کالونی ڈنگرام سوات اور سوڑیزی ریزیڈینشیا پشاور کے علاوہ پشاور کے علاقوں، نشتر آباد اور ورسک میں ہاؤسنگ سکیموں پر کام کے پیش رفت بارے بھی اگاہ کیا۔ صوبائی وزیر نے وفد کو بتایا کہ یہ ساری سکیمیں صوبے کے کم آمدنی اور متوسط طبقے کیلئے بنائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ہاوٗسنگ صوبے کے مختلف اضلاع میں جاری ان تمام سکیموں کو ہفتہ وار بنیادوں پر مانیٹر کرتا ہے۔وزیر ہاوٗسنگ نے کہا کہ محکمہ ہاوٗسنگ سوسائیٹیز / ٹاونز بنانے کیلئے صوبے کے مختلف شہروں میں بنجر زمینیں دیکھ رہی ہے۔ اس ضمن میں دور دراز کے بنجر زمینیں بروئے کار لانے کیلئے حکومت نے صوبے میں سڑکوں کا ایک وسیع جال بچانے پر بھی کام شرع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کاوش سے نہ صرف شہروں کی دن بدن بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پایا جا سکے گا بلکہ ان سکیموں کی تکمیل سے بڑی تعداد میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے جس سے صوبے میں معاشی خوشحالی یقینی ہو گی۔ ڈاکٹر امجد علی نے محکمہ ہاؤسنگ کے زیر سایہ جاری سکیموں میں DFID کی طرف سے معاونت اور سرمایہ کاری میں دلچسپی کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ اس حوالے سے باضابطہ بات چیت بہت جلد شروع کی جائے گی۔