فیصل رسول لودھی نے کمانڈر کراچی کی ذمہ داریاں سنبھال لیں 

       فیصل رسول لودھی نے کمانڈر کراچی کی ذمہ داریاں سنبھال لیں 

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وائس ایڈمرل فیصل رسول لودھی نے بطور کمانڈر کراچی اور وائس ایڈمرل زاہد الیاس نے بطور کمانڈر کوسٹ دو مختلف تقاریب میں اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ کمانڈر کراچی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد وائس ایڈمرل فیصل رسول لودھی اب کراچی میں پاک بحریہ کی تمام اسٹیبلشمنٹس اور ٹریننگ یونٹس کے سربراہ ہوں گے۔ جبکہ کمانڈر کوسٹ وائس ایڈمرل زاہد الیاس اب کوسٹل اور کریکس ایریاز  میں پاک بحریہ کے تمام یونٹس کے ساتھ ساتھ اسپیشل سروس گروپ (نیوی) اور پاک میرینزکے کمانڈر ہوں گے۔  کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل فیصل رسول لودھی وسیع پیمانے پر کمانڈ اینڈ اسٹاف تقرریوں کے ساتھ ایک بہترین کیریئر کے حامل ہیں۔ کمانڈ کی ان کی اہم تقرریوں میں کمانڈنگ افسرپی این ایس طارق ، ڈائریکٹر پاکستان نیوی ٹیکٹیکل اسکول اور فلیگ آفیسر سی ٹریننگ شامل ہیں۔ ان کی نمایاں اسٹاف تقرریوں میں ڈائریکٹنگ اسٹاف پاکستان نیوی وار کالج ، نیول ہیڈ کوارٹرز میں ڈائریکٹر نیول وارفیئر اینڈ آپریشنل پلانز، فلیٹ آپریشن آفیسر،کمانڈر پاکستان فلیٹ کے چیف اسٹاف آفیسر، لائزن افسریو ایس سینٹ کام یو ایس اے، نیول سکریٹری اور ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنز) نیول ہیڈ کوارٹر، اسلام آباد شامل ہیں۔ وائس ایڈمرل فیصل رسول لودھی نے وزارت دفاع میں ایڈیشنل سیکرٹری III کی حیثیت سے فرائض بھی انجام دیئے ہیں۔ وائس ایڈمرل فیصل رسول لودھی پاکستان نیوی وار کالج لاہور، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے گریجویٹ ہیں اور برطانیہ اور فلپائن سے پروفیشنل کورسز کر چکے ہیں۔ انہوں نے برطانیہ سے بین الاقوامی سلامتی اور اسٹریٹجک علوم میں ماسٹرز کی ڈگری بھی حاصل کی ہے۔ کمانڈر کراچی کی حیثیت سے فرائض سنبھالنے سے قبل وہ کمانڈر کوسٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔. ان کی قابل تحسین خدمات کے اعتراف میں وائس ایڈمرل  فیصل رسول لودھی کو ہلال امتیاز (ملٹری) سے نوازا جا چکا ہے۔

مزید :

صفحہ اول -