صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کیلیے کوشاں ہیں،گورنر سندھ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ ملک میں صحت مندانہ سرگرمیوں کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور جہاں بھی وفاق کے تعاون کی ضرورت ہوئی ہم ہر سطح پر بھر پور تعاون کرینگے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے نارتھ ناظم آباد جیم خانہ کے دورے کے موقع پرکیا۔ ان کے ہمراہ ممبر سندھ اسمبلی ڈاکٹر سید عمران علی شاہ،پی ٹی ائی رہنماخرم شیر زمان،ڈی سی سینٹرل تھے۔ گورنر سندھ کو اس موقع پر جیم خانہ کی مختلف ڈیولپمنٹ اسکیموں کے بارے میں انتظامیہ کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔ڈاکٹر سید عمران علی شاہ نے بتایا کہ ہم اپنے قائد وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کی تکمیل کیلیے ہر ممکنہ اقدامات کررہے ہیں،بلا تفریق عوام کی خدمت ہمارا مشن ہے،مجھے خوشی ہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی قیادت میرے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہاکہ نارتھ ناظم آباد جیم خانہ اس علاقے کے عوام کیلیے تحفہ ہے،ان شاء اللہ اس کو ہم مثالی بنائینگے اور جن سہولیات کی کمی ہے دوستوں کے تعاون سے اسے مکمل کرینگے۔ہماری کوشش ہے کہ نارتھ ناظم آباد کے علاقے کو گرین ضلع بنائیں اس کے لیے ڈی سی سینٹرل ہمارے ساتھ بھر پور تعاون کررہے ہیں جس پر میں ان کا شکر گذار ہوں اور امید کرتا ہوں ان کی معاونت کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انھوں نے گورنرسندھ اور خرم شیر زمان کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔بیگم اسما علی شاہ نے کہا کہ نارتھ ناظم آباد جیم خانہ میرا دوسرا گھر ہے،میری اس علاقے کے صاحب حیثیت لوگوں سے اپیل ہے کہ جیم خانہ میں ترقیاتی کاموں میں تعاونکریں۔