لیڈی ہیلتھ ورکرز کا دھرنا جاری، پولیس کیساتھ جھڑپ، پارلیمنٹ کی جانب مارچ کا اعلان
اسلام آ باد (آئی این پی) وفاقی دارالحکومت میں لیڈی ہیلتھ ورکرز نے پارلیمنٹ کی جانب مارچ کرنے کا اعلان کردیا اور ان کی پولیس کے ساتھ جھڑپ بھی ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ڈی چوک پر لیڈی ہیلتھ ورکرز کا دھرنا چھٹے روز بھی جاری ہے۔ پولیس نے دھرنے کی طرف جانیوالے تمام راستے کنٹینر اور خاردار تاروں سے سیل کردیے ہیں۔ پولیس نے مزید لیڈی ہیلتھ ورکرز کو دھرنے کی طرف آنے سے روکنے کی کوشش کی تو ہیلتھ ورکرز اشتعال میں آگئیں اور ان کے پولیس کے ساتھ جھڑپ ہوئی اور ہیلتھ ورکرز نے پولیس کی سیفٹی کٹس کو کھینچ کر پھینک دیا۔ اس دوران دھکا لگنے سے ایک ورکر زخمی ہوگئی۔ لیڈی ہیلتھ ورکرز نے حکومت اور پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے پولیس پر ڈی چوک جانے سے روکنے کا الزام لگایا۔ دھرنے کے باعث اسلام آباد میں میٹرو بس سروس بھی معطل کردی گئی۔ لیڈی ہیلتھ ورکرز نے حکومت کو مطالبات پورے کرنے کیلئے ایک اور ڈیڈ لائن دیتے ہوئے آج پارلیمنٹ کی جانب مارچ کرنے کا اعلان کردیا۔ صدر لیڈی ہیلتھ ورکر رخسانہ انور کا کہنا ہے کہ آج کوئی بھی رکاوٹ ہمیں روک نہیں سکتی۔
لیڈی ہیلتھ ورکرز