شیخوپورہ: ڈکیتی، چوری کی وارداتوں میں شہری لاکھوں کی نقدی، قیمتی اشیا ء سے محروم 

شیخوپورہ: ڈکیتی، چوری کی وارداتوں میں شہری لاکھوں کی نقدی، قیمتی اشیا ء سے ...

  

 شیخوپورہ(سلمان ارشد شیخ سے)ضلع میں ڈکیتی چوری و راہزنی کی وارداتوں پر قابو نہ پایا جاسکا، شہری بدستور لٹتے رہے اور پولیس کسی ایک ملزم کو گرفتار نہ کرسکی،50لاکھ روپے سے زائد نقدی، لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات اور موٹر سائیکلوں و دیگر سامان سے شہری محروم،   اعلیٰ حکام سے فوری کاروائی کا مطالبہ، تھانہ ماڈل سٹی اے ڈویژن کے علاقہ سیم نالہ کے قریب2مبینہ ڈاکوکاشف سے40ہزار روپے نقدی موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے،اسی تھانہ کی حدودمیں معروف بیکری کے قریب سے4مسلح افرادنے تاجر تنویر شاہ اور اسکی فیملی سے طلائی زیورات، نقدی و موبائل فون چھین لئے، تھانہ صدرشیخوپورہ کے نواحی گاؤں گھنگ کے قریب2 ڈاکو محنت کش شفیق سے نقدی اورموبائل چھین کر فرار ہوگئے، تھانہ ہاؤسنگ کالونی کے علاقہ جی ٹی روڈ کی آبادی سلیم کوٹ کے قریب4مسلح تاجرعامرسے1لاکھ روپے نقدی موبائل چھین کر لے گئے، تھانہ بھکھی کی حدودفیصل آباد جی ٹی روڈ پرواقعہ فیڈ ملزکے قریب2مسلح ڈاکو تاجرساجد اور اسکی فیملی سے 5لاکھ روپے کے کرنسی نوٹ اور خواتین سے طلائی زیورات چھین کر فرارہوگئے، تھانہ صدرمریدکے کے علاقہ میں 2مسلح ڈاکو راہگیر سے نقدی موبائل فون چھین کرفرار ہوگئے، تھانہ سٹی بی ڈویژن کے علاقہ گوجرانوالہ روڈ پلازہ کے باہر سے نامعلوم چور علی کی موٹرسائیکل لے اڑے، تھانہ سٹی بی ڈویژن کے علاقہ محلہ روشن پورہ میں مسجد کے منتظم سے مسجد کا غلہ چھین کر بھاگنے کی کوشش کرنے والے دومبینہ ڈاکوؤں میں سے ایک ڈاکو کو باہمت معمر مسجد کے منتظم نے پکڑ کر شور مچادیا دیگر نمازیوں نے تعاقب کرکے دوسرے مبینہ ڈاکو کو بھی پکڑ کردونوں کی دھرگت بنانے کے بعد بی ڈویژن پولیس کے حوالہ کردیا جبکہ گزشتہ روز بھی ڈکیتی چوری و راہزنی کی وارداتیں ضلع بھر کے مختلف مقامات پر رونما ہوئیں، اطلاعات کے مطابق تھانہ صدر مریدکے علاقہ ٹھٹھہ ورکاں میں 3مسلح افراد محنت کش عدنان سے نقدی موبائل فون،ڈی پی او آفس سے باہر نکل کر جانے والے پولیس ملازم محسن سے2مسلح ڈاکو موبائل فون اور نقدی،فیض پور کے قریب 3مسلح غلام مصطفی سے نقدی موبائل فون،فیروز والہ میں معروف بیکری کے باہر سے 2مسلح جمیل سے نقدی موبائل فون،تھانہ صدر شیخوپورہ کے علاقہ گوجرانوالہ روڈ کے گاؤں ہردیوکے قریب 3مسلح محنت کش علی رضا سے نقدی موبائل فون چھین کرفرار،فیصل آباد روڈ کی آبادی فیروزوٹواں میں 4مسلح تاجر عارف کے گھر میں داخل ہوکر مردوخواتین کو یرغمال بنا کر نقدی اورقیمتی سامان لوٹ کر فرار،نواحی گاؤں بھنڈور میں 4مسلح ڈاکوؤں کی گھر میں گھس کر لوٹ مار دوران ڈکیتی مکینوں نے ایک ڈاکو کو پکڑ کر تھانہ صدر پولیس کے حوالہ کردیا جبکہ3افراد فرارہونے میں کامیاب ہوگئے،تھانہ بھکھی کے علاقہ فیصل ٹاؤن میں نامعلوم چور قمر عباس کے گھر کے تالے توڑ کر قیمتی سامان چرا کر فرار،تھانہ سٹی بی ڈویژن کے علاقہ ضلع کچہری میں نامعلوم چورآصف کی دکان کے تالے توڑ کر نقدی اورقیمتی سامان چرا کرلے اڑے، تھانہ صدر کے علاقہ ماچھیکے میں چھ ڈاکوؤں نے دو گھروں میں داخل ہو کر لاکھوں روپے نقدی طلائی زیورات اور موبائل فون و دیگر سامان لوٹ لیا اور فرار ہوگئے، واضح رہے کہ ڈکیتی چوری و راہزنی کی وارداتوں کے خلاف شہریوں نے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے بار بار احتجاج کیا ہے مگر شنوائی نہیں ہوسکی نہ اعلیٰ پولیس افسران کی طرف سے کوئی نوٹس لیا گیا ہے حتیٰ کہ ڈکیتی میں مزاحمت پر شہریوں کے ڈاکوؤں کے ہاتھوں جان بحق یا زخمی ہونے کی سنگین وارداتوں کے ملزمان تک بھی رسائی پولیس ممکن نہیں بناسکی جس سے شہریوں میں پائی جانیوالی تشویش اور خوف بڑھ رہا ہے جو احتجاج کی صورت میں سامنے آرہا ہے مگر اسے خاطر میں لایا نہیں جارہا۔

شیخوپورہ ڈاکے

مزید :

صفحہ آخر -