صوبے کے ہر شہری کو صحت انصا ف کارڈ دیا جائیگا: تیمور سلیم جھگڑا 

صوبے کے ہر شہری کو صحت انصا ف کارڈ دیا جائیگا: تیمور سلیم جھگڑا 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیرخزانہ خیبرپختونخوا تیمور سلیم جھگڑا نے اتوار کے روزمعاون خصوصی برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سید غازی غزن جمال کے ہمراہ ضلع اورکزئی میں سمانہ سوک سرورمیلہ کے مقام تلئی ٹورسٹ اسپاٹ کے علاوہ 8 کلومیٹر طویل سرورمیلہ تاخوگہ سیڑئی روڈ کابھی سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر اراکین صوبائی اسمبلی شاہ فیصل خان، شفیق آفریدی، ریاض شاہین، سیکرٹری آبپاشی محمد طاہر اورکزئی،ڈپٹی کمشنر اورکزئی واصل خان خٹک، ایم ڈی ٹورازم جنید خان، عمائدین علاقہ اورعام لوگوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ صوبائی حکومت امسال ضلع اورکزئی میں سیاحت کے فروغ پر55 کروڑ روپے خرچ کررہی ہے جس میں ہرسال بتدریج اضافہ کیاجائے گا۔ اسی طرح قبائلی اضلاع کیلئے انصاف صحت کارڈ کے مد میں علاج معالجہ کیلئے رقم کی مد 6 لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ روپے کیاجارہا ہے اوراب انصاف صحت کارڈ کی سہولت صوبے کے ہرشہری کو میسر ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اورکزئی ضلع میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت قائم ہسپتال کی کارکردگی بہت بہتر ہے اورہماری کوشش ہے کہ اس نظام کو مزید وسعت دیں۔ تیمورسلیم جھگڑا نے کہاکہ ضلع اورکزئی کی ترقی اوراس میں سیاحت کے فروغ کیلئے غزن جمال کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ انضمام سے پہلے ترقیاتی کاموں کو قبائلی عوام پراحسان سمجھا جاتاتھا لیکن اب یہ ہماری ذمہ داری ہے جسے ہم وزیراعظم پاکستان عمران خان اوروزیر اعلیٰ محمود خان کی ولولہ انگیز قیادت میں تندہی کے ساتھ پوری کررہے ہیں اور اب ماضی کے برعکس قبائلی اضلاع کے ترقیاتی فنڈز میں ہرسال اضافہ ہوگا جس سے یہاں کے علاقوں کی حالت بدل جائے گی۔ وزیر موصوف نے کہا کہ آج سے کچھ عرصہ قبل یہاں پر کوئی سیاحت کا تصور بھی نہیں کرسکتا تھا۔ لیکن انشاء  اللہ ہم سیاحت کے ذریعے معیشت کاپہیہ چلاکر حقیقی تبدیلی لائیں گے اور یہاں کے لوگوں کی حالت زار بہتر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایکوٹورازم کے ذریعے روزگار کے نئے مواقع فراہم ہوں گے اورہماری بھر پور کوشش ہوگی کہ وادی تیراہ کے زیادہ سے زیادہ سیاحتی مقامات تلاش کریں اورانہیں سیاحوں کیلئے پرکشش بنائیں۔قبل ازیں غزن جمال نے اپنے خطاب میں مہمانوں کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ اورکزئی میں سیاحت کے کافی مواقع موجود ہیں لیکن انہیں دنیا کے سامنے لانے کی ضرورت ہے۔امید واثق ہے کہ ہم اس میں کامیاب ہوجائیں گے اوراس ضلع کو ٹورازم کے معاملے میں ملک کے اہم سیاحتی مقامات میں شامل کریں گے۔ انہوں نے علاقہ کیلئے طاہر اورکزئی کی کوششوں کو بھی سراہا۔ سیکرٹری آبپاشی طاہر اورکزئی نے اپنے مختصر خطاب میں علاقے کے تاریخی،جغرافیائی اورسیاحتی پس منظر پر تفصیلی روشنی ڈالی اورتمام قبائلی اضلاع میں بندوبستی نظام اورآبپاشی کانظام لانے کاعندیہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کامحکمہ اس سلسلے میں کافی کام کرچکاہے تاکہ یہاں کے لوگوں کی تقدیر بدلے۔

مزید :

صفحہ آخر -