منی لانڈرنگ کیس: شہباز شریف کی آج لاہور کی احتساب عدالت میں پیشی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) منی لانڈرنگ کیس میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو آج لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ نیب کی جانب سے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر احتساب عدالت پیش کیا جائیگا۔ احتساب عدالت آنے والے راستوں کو کنٹینرز اور خاردار تاریں لگا کر بند کر دیا گیا۔
واضح رہے گزشتہ سماعت پر احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں 7 روز کی توسیع کی تھی۔
کمرہ عدالت میں شہباز شریف نے کہا جج صاحب! مجھے کمر کی تکلیف ہے، نیب حکام نے میری کرسی چھین لی، مجھے عام کرسی فراہم کی جس پر بیٹھ کر نماز پڑھتا اور کھانا کھاتا ہوں، نیب کے اس اقدام سے کمر کی تکلیف اور درد مزید بڑھ گیا ہے، نیب نے عمران خان نیازی اور شہزاد اکبر کے کہنے پر کرسی غائب کی ہے۔
نیب پراسیکیوٹر نے شکایات کی نفی کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف دوران تفتیش تعاون نہیں کرتے جس پر عدالت نے کہا کہ اگر ملزم سوال کا جواب نہیں دیتا تو اس کا نقصان ملزم کو ہونا ہے۔
عدالت نے پوچھا کہ تفتیشی افسر کو کس گراو¿نڈ پر ملزم کا مزید جسمانی ریمانڈ چاہیے۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ شہباز شریف کے اکاؤنٹس سے ایچ بی ایل بنک جیل روڈ سے افضال بھٹی کو پیسے جاتے ہیں، افضال بھٹی ان کا یو کے میں اکاؤنٹنٹ ہے، ہم نے اس رقم کے ذرائع پوچھنے ہیں۔