کٹاس راج مندر ازخودنوٹس کیس : چیئرمین متروکہ وقف بورڈ کو نوٹس جاری ،تفصیلی رپورٹ طلب
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)کٹاس راج مندر ازخودنوٹس کیس میںسپریم کورٹ نے چیئرمین متروکہ وقف بورڈ کو نوٹس جاری کردیا اور تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ۔
سپریم کورٹ میں کٹاس راج مندر ازخودنوٹس کیس کی سماعت ہوئی،ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل فیصل چودھری عدالت میں پیش ہوئے اورای پی اے کی رپورٹ عدالت میں پیش کردی گئی ۔
فیصل چودھری نے کہاکہ رپورٹ زیر زمین پانی اور مندر کاتالاب خشک ہونے کی وجوہات بیان کی ہیں،ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہاکہ علاقے میں ایزو میٹر نصب کرنے کی بھی رپورٹ میں سفارش کی گئی ۔جسٹس عمر عطابندیال نے استفسارکیا کہ کیامتروکہ وقف املاک بورڈ کا چیئرمین لگادیا گیاہے؟۔رمیش کمار نے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ کے پاس کل 1831 مندر اور گردوارہ ہیں جن میں کل 31 فنکشنل ہیں ،عدالت نے چیئرمین متروکہ وقف بورڈ کو نوٹس جاری کردیا،عدالت نے تفصیل بھی چیئرمین متروکہ وقف بورڈ سے طلب کرلی ،جسٹس عمر عطابندیال نے کہاکہ آج کسی کو تفصیل سے نہیں سن سکتے ،عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔