انگلش ٹیم کا دورہ پاکستان، ای سی بی نے اہم فیصلہ کر لیا، پاکستانیوں کیلئے زبردست خوشخبری

انگلش ٹیم کا دورہ پاکستان، ای سی بی نے اہم فیصلہ کر لیا، پاکستانیوں کیلئے ...
انگلش ٹیم کا دورہ پاکستان، ای سی بی نے اہم فیصلہ کر لیا، پاکستانیوں کیلئے زبردست خوشخبری
کیپشن:    سورس:   Twitter

  

لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) دورہ پاکستان کیلئے ہر انگلش کرکٹر کو اپنا فیصلہ خود کرنے کا اختیار دے گا اور کھلاڑی اپنی خواہش کے مطابق پاکستان جانے یا نہ جانے کا فیصلہ کر سکیں گے۔ 

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انگلینڈ کو جنوری میں تین ٹی 20 میچز کی سیریز کیلئے مختصر دورے کی دعوت دی ہے اور اگر ای سی بی نے پاکستان کا دورہ کرنے کا فیصلہ کر لیا تو وہ اپنے کھلاڑیوں کوی ہ اختیار دے گا کہ سیکیورٹی خدشات پر وہ دستبردار بھی ہو سکتے ہیں۔ سیکیورٹی ماہرین کی جانب سے گرین سگنل کے باوجود بھی پلیئرزکے پاس انفرادی طور پر فیصلے کا اختیار ہو گا۔ 

ای سی بی کے ترجمان نے ایک برطانوی اخبار سے گفتگو میں تصدیق کی کہ دورہ بنگلہ دیش کی طرح اس بار بھی یہی پروٹوکول اختیار کیا جائے گا، پی سی بی کی جانب سے انگلش ٹیم بھیجنے کی دعوت پر بات چیت ابھی بالکل ابتدائی مرحلے میں ہے، بورڈ کو اس حوالے سے بہت سی چیزوں کا جائزہ لینا ہے، کورونا وائرس سے متعلق پروٹوکول، بائیوببل اور سیکیورٹی کے ساتھ مصروف ترین انٹرنیشنل شیڈول کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ انگلش ٹیم نے آخری بار پاکستان کا دورہ 2005ءمیں کیا تھا، رواں برس انگلینڈ کے معین علی، جیسن روئے، کرس جورڈن اور ڈیوڈ مالان سمیت ایک درجن انٹرنیشنل کرکٹرز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کھیلنے کیلئے یہاں آئے تھے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ ای سی بی کی جانب سے کھلاڑیوں کو فیصلے کا اختیار دئیے جانے کے باوجود بھی زیادہ تر کھلاڑی پاکستان آنے پر رضامند ہوں گے۔ 

مزید :

کھیل -