”دسمبر یا جنوری تک ویزوں کی تصدیق کر لو“ پاکستان نے آئی سی سی کو ڈیڈ لائن دیدی

”دسمبر یا جنوری تک ویزوں کی تصدیق کر لو“ پاکستان نے آئی سی سی کو ڈیڈ لائن ...
”دسمبر یا جنوری تک ویزوں کی تصدیق کر لو“ پاکستان نے آئی سی سی کو ڈیڈ لائن دیدی

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھارت میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے حوالے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو ویزوں کی تصدیق کیلئے ڈیڈ لائن دیدی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان نے کہا کہ آئندہ برس اکتوبر میں بھارت میں شیڈول ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی پلیئرز و سپورٹنگ سٹاف کے ویزوں کی یقین دہانی کیلئے ہم نے آئی سی سی سے کہا ہے کہ اس حوالے سے دسمبر یا جنوری تک تصدیق کرا لینی چاہیے اور ہمیں توقع ہے کہ آئی سی سی ایسا کرلے گی، اگر تصدیق نہیں ہوتی تو پھر گورننگ باڈی کو براہ راست بھارتی حکومت کے ساتھ یہ معاملہ حل کرانا ہو گا کیونکہ معاہدے کے تحت میزبان ملک کو تمام شرکاءکے ویزوں اور رہائش کا انتظام کرنا ہوتا ہے۔ 

چیئرمین آئی سی سی کی پوسٹ کے حوالے سے پی سی بی اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے درمیان اختلافات کے سوال پر وسیم خان نے کہا کہ گورننگ کونسل اور دیگرفورمز پر دونوں بورڈز کی بات چیت ہوتی رہتی ہے، میں نہیں جانتا کہ چیئرمین کے الیکشن کے حوالے سے کوئی اختلاف ہے، اس بارے میں فیصلہ بورڈ کے سربراہ احسان مانی کو کرنا ہو گا اور مجھے کوئی علم نہیں ہے۔

وسیم خان نے بھارت کے ساتھ کرکٹ روابط کی بحالی کے حوالے سے کہا کہ حقیقت پسندانہ طور پر دیکھیں تو اس کا مستقبل قریب میں کوئی امکان نہیں ہے،فیوچر ٹور پروگرام کے 2023ءسے شروع ہونے والے اگلے دورانیہ میں بھی کوئی باہمی سیریز نہیں ہوگی، اس صورتحال میں صرف تب ہی تبدیلی ہوسکتی جب بھارتی حکومت کی سوچ بدل جائے۔

مزید :

کھیل -