لنکا پریمیر لیگ میں شاہد آفریدی سمیت 8 پاکستانی کھلاڑیوں کو منتخب کر لیا گیا، ان میں کون کون شامل ہے؟

لنکا پریمیر لیگ میں شاہد آفریدی سمیت 8 پاکستانی کھلاڑیوں کو منتخب کر لیا گیا، ...
لنکا پریمیر لیگ میں شاہد آفریدی سمیت 8 پاکستانی کھلاڑیوں کو منتخب کر لیا گیا، ان میں کون کون شامل ہے؟
کیپشن:    سورس:   Twitter

  

کولمبو (ڈیلی پاکستان آن لائن) لنکا پریمیر لیگ (ایل پی ایل) کیلئے پاکستان کے 8 مایہ ناز کھلاڑیوں کا انتخاب کر لیا گیا ہے جبکہ کرس گیل، اینڈرے رسل، فاف ڈوپلیسی اور ڈیوڈ ملر بھی ٹورنامنٹ کی رونق بڑھائیں گے۔ 

تفصیلات کے مطابق لنکا پریمیر لیگ کے آن لائن ڈرافٹ کے دوران شاہد خان آفریدی، سابق کپتان شعیب ملک، سرفراز احمد اور محمد عامر سمیت پاکستان کے آٹھ کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا۔ یہ ڈرافٹ یکم اکتوبر کو ہونا تھا لیکن سری لنکا میں کورونا وائرس کی حالیہ لہر کے سبب تاخیر کا شکار ہو گیا۔ 

21 نومبر سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کے افتتاحی ایڈیشن کیلئے 5 فرنچائزز نے کرس گیل، اینڈرے رسل، فاف ڈوپلیسی اور ڈیوڈ ملر کو بھی منتخب کر لیا ہے جبکہ اس کیساتھ ہی ٹیموں کے ناموں اور لوگوز کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے، جن میں جافنا سٹالینز، گال گلیڈی ایٹرز، ڈمبولا ہاکس، کولمبو کنگز اور کینڈی ٹسکرز شامل ہیں۔

گال گلیڈی ایٹرز کی ملکیت پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پاس ہے اور یہ ٹیم زیادہ تر پاکستانی کھلاڑیوں کی میزبان ہو گی جن میں شاہد آفریدی، محمد عامر، سرفراز اور نوجوان ٹیلنٹ اعظم خان شامل ہیں۔ گال گلیڈی ایٹرز کی کوچنگ سابق پاکستانی کپتان معین خان کریں گے اور لیجنڈری سوئنگ باﺅلر وسیم اکرم ٹیم کے سرپرست کے فرائض سرانجام دیں گے۔

دوسری جانب جافنا سٹالینز کی طرف کھیلنے والے پاکستانی کھلاڑیوں میں شعیب ملک، عثمان خان شنواری اور آصف علی شامل ہیں جبکہ تجربہ کار فاسٹ باﺅلر وہاب ریاض کینڈی ٹسکر کی ٹیم میں لئے گئے ہیں جس میں کرس گیل، لائم پلنکٹ اور نوین الحق بھی شامل ہیں۔

ہر ٹیم کے لیے مقامی آئیکون کھلاڑیوں میں تھیسارا پریرا (جافنا سٹالینز)، لاستھ ملنگا (گال گلیڈی ایٹرز)، داسن شناکا (ڈمبولا ہاکس)، اینجلو میتھیوز (کولمبو کنگز) اور کوسل پریرا (کینڈی ٹسکرز) شامل ہیں۔ ڈمبولا نے اپنی لائن اپ میں ڈیوڈ ملر، پال سٹرلنگ اور آل راو¿نڈ جوڑی کارلوس بریتھویٹ اور سمت پٹیل کو شامل کر کے بیٹنگ لائن کو مضبوط بنا دیا ہے۔

مزید :

کھیل -