زمبابوے کرکٹ کے چیئرمین بھی پاکستان میں
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) زمبابوے کرکٹ کے چیئرمین تیوانگا موکلانی قائم مقام ایم ڈی گیوو مور ماکونی کے ہمراہ پاکستان پہنچے جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان نے ان کا استقبال کیا۔
تفصیلات کے مطابق زمبابوے کرکٹ کے 5 رکنی وفد نے پاکستان کا دورہ کرنے کیلئے پاکستان میں انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا تھا جس کے بعد زمبابوے کرکٹ کے چیئرمین تیوانگا موکلانی پاکستان پہنچے اور پھر زمبابوے کرکٹ ٹیم بھی پاکستان پہنچ گئی جو اپنے دورے کے دوران تین ون ڈے اور اتنے ہی ٹی 20 میچز کھیلے گی۔
واضح رہے کہ راولپنڈی میں ہونے والے ایک روزہ میچز دن 12 بجے جبکہ لاہور میں کھیلے جانے والے ٹی 20 میچز سہ پہر ساڑھے 3 بجے شروع ہوں گے۔ پی سی بی نے 30 اکتوبر سے شروع ہونے والی زمبابوے کے خلاف ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کے میچز موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے جلد شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔
راولپنڈی میں شیڈول سیریز کے تینوں ون ڈے میچز دوپہر 12 بجے شروع ہوں گے جبکہ لاہور میں ہونے والی ٹی 20 سیریز کے تینوں میچز سہ پہر ساڑھے 3 بجے کھیلے جائیں گے، دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچز 30 اکتوبر، یکم اور 3 نومبر کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہوں گے جبکہ ٹی 20 میچز 7،8 اور 10 نومبر کو قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔