کوک سٹوڈیو سیزن 13 جلد آنے کا امکان ، اس میں اس مرتبہ کونسی معروف گلوکارہ آ رہی ہیں ؟ شائقین کیلئے اچھی خبر آ گئی 

کوک سٹوڈیو سیزن 13 جلد آنے کا امکان ، اس میں اس مرتبہ کونسی معروف گلوکارہ آ رہی ...
کوک سٹوڈیو سیزن 13 جلد آنے کا امکان ، اس میں اس مرتبہ کونسی معروف گلوکارہ آ رہی ہیں ؟ شائقین کیلئے اچھی خبر آ گئی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )کوک سٹوڈیو کے شائقین کیلئے خوشخبری آ گئی ہے کیونکہ 13 واں سیزن جلد ہی شروع ہونے جارہاہے اورچار سال کے لمبے وقفے کے بعد میشا شفیع ایک مرتبہ پھر سے اپنی آواز کا جادو بکھیریں گی ۔
تفصیلات کے مطابق چند روز قبل کوکا کولا کی جانب سے ایک اشتہار جاری کیا گیا تھا جس کے آخر میں کوک سٹوڈیو کا 13واں سیزن جلد شروع ہونے کی نوید سنائی گئی تھی۔اشتہار دیکھنے کے بعد سے کوک سٹوڈیو کے مداح نئے سیزن کے لیے کافی پرجوش ہیں۔
گلوکارہ میشا شفیع ماضی میں کوک اسٹوڈیو کے 4 سیزنز کا حصہ رہ چکی ہیں اور آنے والے سیزن 13 میں وہ پانچویں بار کوک اسٹوڈیو کے پلیٹ فارم سے پرفارم کریں گی۔میشا شفیع نے سب سے پہلے 2010 میں جاری ہونے والت کوک اسٹوڈیو کے سیزن 3 میں 2 گانے گائے تھے۔انہوں نے سیزن 3 میں ’چوری چوری’ اور ’الف اللہ’ پر پرفارم کیا تھا، چوری چوری گانا پہلی مرتبہ گلوکارہ ریشما نے گایا تھا۔
میشا شفیع نے اسی سیزن میں الف اللہ پر معروف گلوکار عارف لوہار کے ساتھ پرفارم کیا تھا۔بعدازاں میشا شفیع 2012 میں کوک اسٹوڈیو کے سیزن 5 کا حصہ بنی تھیں اور اس سیزن میں بھی انہوں نے 2 گانوں پر پرفارم کیا تھا۔
گلوکارہ میشا شفیع نے سیزن 5 میں پہلی مرتبہ اقبال بانو کی جانب سے گایا جانے والا ‘دشت تنہائی’ اور ’عشق آپ بھی اعلیٰ’ پر چکوال گروپ کے ساتھ پرفارم کیا تھا۔میشا شفیع 2014 میں سیزن 7 کا بھی حصہ تھیں اور انہوں نے نور جہاں کے گانے ’سن وے بلوری‘ پر پرفارم کیا تھا۔
بعدازاں انہوں نے 2016 میں کوک اسٹوڈیو کے نویں سیزن میں ’اے راہ حق کے شہیدوں‘ ، ’بھولے بھالے’ اور ’آیا لاڑیے‘ پر پرفارم کیا تھا۔حال ہی میں انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ٹوئٹ میں کوک اسٹوڈیو کے سیزن 13 میں اپنی واپسی کا اعلان کیا۔
میشا شفیع نے 2 علیحدہ ٹوئٹس میں مداحوں کو سیزن 13 کے جلد آغاز اور پھر اپنی واپسی سے متعلق آگاہ کیا۔انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ وہ کوک اسٹوڈیو 2020 میں واپس آرہی ہیں۔

مزید :

تفریح -