برطانیہ کو غیرمعمولی غیر یقینی اقتصادی صورت حال کا سامنا، بینک آف انگلینڈ کے سربراہ نے اعتراف کرلیا

لندن (مجتبیٰ علی شاہ ) بینک آف انگلینڈ کے سربراہ اینڈریو بیلے نے کہا ہے کہ برطانیہ کو غیرمعمولی غیر یقینی اقتصادی صورت حال کا سامنا ہے۔ جون کو ختم ہونے والی سہ ماہی کے دوران کورونا وائرس کی وجہ سے برطانیہ کی معیشت 20 فیصد سکڑ گئی ہے، یہ کسی بھی بڑی ترقی یافتہ معیشت کی شرح میں سب سے زیادہ کمی ہے۔ انھوں نے یہ ریمارکس برطانیہ میں ایک دفعہ پھر کورونا وائرس کے حوالے سخت ترین پابندیوں کے نفاذ کے اعلان کے بعد دیئے ہیں۔ بیلے نے کہا کہ یہ خطرہ واضح ہے کہ معیشت کی ترقی توقع سے کم رہے گی۔ اتوار کو ایک آن لائن ایونٹ کے دوران انھوں نے کہا کہ انھیں تیسری سہہ ماہی کے اختتام پر گزشتہ سال کی آخری سہ ماہی کے مقابلے میں 10 فیصد کمی کی توقع تھی۔ انھوں نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر کی وجہ سے خطرات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے اور معیشت میں تنزلی کاعمل جاری رہنے کا خدشہ ہے۔