مریم نواز مہنگائی میں اضافے پر حکومت پر برس پڑیں

مریم نواز مہنگائی میں اضافے پر حکومت پر برس پڑیں
مریم نواز مہنگائی میں اضافے پر حکومت پر برس پڑیں

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن ) سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ایک ماہ میں دوسری بار ادویات کی قیمتوں میں 22 سے 35 فیصد اضافہ کر دیا،دو سال میں بیرونی قرضے 17ارب ڈالر بڑھ گئے۔ان کا کہنا تھا کہ نیازی صاحب اگر اپوزیشن کو ٹارگٹ کرنے کی بجائے عوام کے مسائل پر توجہ دی ہوتی تو آج قوم آپکو جھولیاں اٹھا کر بددعائیں نہ دے رہی ہوتی۔مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے کہا کہ سبزی ، دال، گوشت ، گھی ، آٹا غریب عوام کی پہنچ سے دور ہو چکا۔ وہ وقت آ گیا ہے جب تمہیں عوامی قہر کا سامنا کرنا پڑے گا۔ یاسمین راشد صاحبہ لاہور کی سڑکوں پر جس نفرت کا نشانہ بنیں وہ ان کے نہیں، تمہارے خلاف تھی۔ کیونکہ تم نے عوام کی زندگی جہنم بنا کہ رکھ دی۔

مریم نواز نے کہا کہ جس رفتار سے محمد نواز شریف کا بیانیہ ہر گھر میں پہنچ رہا ہے اور عوام کا حکومت اور ایک پیج کے خلاف ردِعمل سامنے آ رہا ہے، عنقریب ان کو 2200 افراد پر نہیں بلکہ 22 کروڑ عوام پر مقدمے درج کرنا ہوں گے۔ حکومت کے خلاف ریفرینس عوامی عدالت میں دائر ہو چکا اور وہ نیب کی طرح جعلی نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ ووٹ کو عزت دو کے نعروں پر پرچے درج کروا رہے تو آپ کی جیلیں کم پڑ جائیں گی کیونکہ آج پاکستان کے ہر بچے، بزرگ، اور جوان کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ ان کے ووٹ کو عزت دی جائے۔ اس نعرے سے تکلیف صرف انھی کو ہے جو عوام کے ووٹ پر ڈاکہ ڈالنے کے جرم کے مرتکب ہوئے ہیں۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ حفیظ سنٹر میں لگنے والی آگ نااہلی، نالائقی اور بے حسی کی وہ آگ ہے جس نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ سینکڑوں کاروباری افراد اور تاجروں کے ہونے والے جانی اور مالی نقصان اورمجرمانہ حکومتی غفلت پر بہت دکھ ہے۔

مزید :

قومی -